نواز شریف کی حالت تشویشناک ہے: گورنر پنجاب چودھری سرور
گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس میں بہت کمی آئی ہے، ان کی حالت تشویشناک ہے۔ اس وقت ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 7 ہزار ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ اس وقت نوازشریف کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے چھوٹے بیٹے اور بیٹی جو لندن سے ان کی عیادت کیلئے آنا چاہتے ہیں تو اس لئے حکومت کی جانب سے کو ئی رکاوٹ نہیں کھڑی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو علاج کیلئے ہر ممکن سہولت دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت نواز شریف کے علاج کیلئے خواہ ملک کے اندر ہو یا باہر ہو، کسی قسم کی کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کے بعد یہ بات واضح ہوگی کہ کیا وہ علاج کیلئے بیرون ملک سفر کرسکتے ہیں یا نہیں؟ نواز شریف کے علاج کے لئے ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے لئے ہم کوشش کریں گے نواز شریف کے پاس ان کی موجودگی یقینی بنانے کیلئے حکومت اداروں کے ساتھ مل کر کیا کردار ادا کرسکتی ہے؟


