اینکر پرسنز نے وثوق سے کہا کہ ڈیل ہو گئی ہے: جسٹس اطہر من اللہ


اسلام آباد ہائی کورٹ میں العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطلی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے ریمارکس دیے ہیں کہ اینکر پرسن نے وثوق سے کہا کہ ڈیل ہو گئی ہے۔ عدالت نے پانچ اینکر پرسنز کو چار بجے طلب کر رکھا تھا۔

وقفے کے بعد دوبارہ سماعت ہوئی تو چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ اینکر پرسنز عدالت آئے ہوئے ہیں، وہ روسڑم پر آ جائیں، بڑی معذرت سے آپ کو بلایا ہے، عدالت نےبہت تحمل کا مظاہرہ کیا۔

چیف جسٹس نے اینکر پرسن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب ڈیل کی باتیں ہوتی ہیں تو بات عدلیہ پر آتی ہے، آپ تمام اینکر پرسنز ہمارے لیے قابل احترام ہیں، کیس بعد میں عدالت آتا ہے، میڈیا ٹرائل پہلے ہو جاتا ہے، جس کا دباؤ عدالت پر آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ججز سے متعلق سوشل میڈیا پر ان کا ٹرائل شروع ہو جاتا ہے۔ اینکر پرسن سمیع ابراہیم نے وثوق سے کہا کہ ڈیل ہو گئی ہے، کیا وزیراعظم اور عدلیہ اس ڈیل کا حصہ ہیں؟

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ ہائی کورٹ کے کسی جج تک رسائی نہیں، ایسی باتیں انہیں متنازع بناتی ہیں۔ آپ اس حوالے سے جواب جمع کراد یں۔ اینکر پرسنز نے انتہائی اعتماد کے ساتھ ٹی وی پر بیٹھ کر کہا کہ ڈیل ہو گئی ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے عدالت میں موجود چیئرمین پیمرا کے نمائندے سے کہا کہ آپ روز پروگرام دیکھتے ہیں، انجوائے کرتے ہوں گے کہ عدلیہ پر کیچڑ اچھالا جارہا ہے، ریڑھی والے کی زبان ٹی وی پر استعمال ہو رہی ہوتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ عسکری اداروں اور منتخب وزیراعظم کو بھی بدنام ہونے دے رہے ہیں، قرآن پڑھا ہے؟ اس میں حکم ہے کہ سنی سنائی بات آگے نہ پھیلائیں، یہ بات پیمرا کے بارے میں کی جا رہی ہے، اس ملک کی تباہی میں ہر ایک کا کردار ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے استفسار کیا کہ آپ بتائیں کہ کیا پیمرا اپنی ذمہ داریاں بخوبی سرانجام دے رہا ہے؟

عدالت میں نامور اینکر پرسن حامد میر بھی پیش ہوئے، انہوں نے چیف جسٹس سے کہا کہ مجھے نامعلوم نمبر سے کال آئی تھی کہ آپ کو بلایا گیا ہے، میں نے پروگرام میں ڈیل کی کوئی بات نہیں کی۔

چیف جسٹس نے جواباً کہا کہ میں آپ کو ذاتی طور پر جانتا ہوں کہ آپ نے وکلاء تحریک میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ عدالت سیاسی معاملات میں الجھنا نہیں چاہتی، سیاستدانوں کے کیسز پر قانون کے مطابق کارروائی ہوتی ہے، یہ عدالت مطمئن ہے کہ ہم قانون کے مطابق فیصلہ کرتے ہیں۔

چیف جسٹس نے سوال کیا کہ لاہور ہائی کورٹ نے کل ضمانت دی تو کیا انہوں نے ڈیل کر لی ہے؟

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے تمام طلب کیے گئے اینکرز سے تحریری جواب طلب کر لیا ہے، ہمارے پاس اینکرز کے پروگرام کے ٹرانسپکرپٹ کے ساتھ رپورٹ آئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).