فضل الرحمٰن کا آزادی مارچ اسلام آباد میں داخل ہو گیا


مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں کراچی سے شروع ہونے والے آزادی مارچ کا قافلہ دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہوگیا ہے۔  جے یو آئی کے آزادی مارچ کا کاررواں اس وقت کرال چوک اسلام آباد سے گزر رہا ہے، جس کی قیادت مولانا فضل الرحمٰن کررہے ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا عطاء الرحمٰن اور اکرم خان درانی کی قیادت میں آنے والا قافلہ پشاور سے موٹروے کراس کر چکا ہے۔

اس سے پہلے مولانا فضل الرحمٰن نے گوجر خان میں خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کے ملتوی ہونے کی تردید کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا پروگرام ہے جس کے بارے میں ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ کب اور کیا کرنا ہے۔

سربراہ جے یو آئی نےکا کہنا تھا کہ تمام قافلے اپنے وقت اور ترتیب کے مطابق اسلام آباد پہنچیں گے۔ آزادی مارچ، مارچ رہے گا، اس میں دھرنا بھی ہے، سب کچھ ہے۔

سربراہ جمعیت علمائے اسلام ف مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں نکلنے والے آزادی مارچ کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس سے متصل شہر راولپنڈی میں تمام تعلیمی ادارے بند ہیں۔ اسلام آباد میں نجی اسکولز آج بند ہیں، جبکہ قائدِ اعظم یونی ورسٹی 2 دن بند رہے گی، جس کے شیڈولڈ امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

ادھر راول پنڈی ضلع کے تمام سرکاری و نجی اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز بھی آج بند ہیں، جڑواں شہروں کے درمیان چلنے والی میٹرو بس سروس بھی غیر معینہ مدت تک بند رہے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).