فوج کو سیاست میں گھسیٹنے کی اجازت نہیں دیں گے: فردوس عاشق اعوان


معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فوج کو سیاست میں گھسیٹنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ جمہوری لوگ ہیں، مسائل کے حل کیلئے مل کر بات کرنے کو تیار ہیں۔ آپ ایک قدم بڑھائیں گے تو حکومت دو قدم بڑھائے گی، مذاکرات کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ مولانا سے اپیل ہے کہ مارچ کو محفل میلاد میں تبدیل کر دیں، اس مبارک ماہ میں ہمیں انتشار سے بچنا چاہیے۔

اسلام آباد میں رات گئے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سیاست میں اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ سیاسی جماعت ہوتے ہوئے کبھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے۔ مولانا معاہدے پرعمل کریں گے تو حکومت ہر مسئلے پر بات چیت کیلئے تیار ہے۔ لیکن تصادم اور غنڈہ گردی سے ریاست کو یرغمال نہیں بننے دیں گے۔ امید ہے مولانا فضل الرحمان تصادم سے بچ کر مفاہمت کا راستہ اختیار کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت سے نکل کر بہتری کی طرف گامزن ہے، بہتر ہوتی ہوئی معیشت کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے اشارے پر اس سے بڑا مجمع اکٹھا ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم پر ذاتی حملے کیے گئے، دنیا کا کوئی مذہب الزام تراشیوں کی اجازت نہیں دیتا۔ مولانا کے دھرنے سے سب سے زیادہ نقصان کشمیر کاز کو ہوا، مارچ کے شرکاء کا کوئی واضح ایجنڈا نہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ فوج ہماری فوج ہے، آپ فوج کو سیاست زدہ کر رہے ہیں، فوج کو سیاست میں گھسیٹنے کی اجازت نہیں دیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).