مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور


لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نوازشریف کی درخواست ضمانت منظو ر کرتے ہوئے ایک ایک کروڑ روپے کے دو مچلکے جمع کروانے کا حکم جاری کر دیا ہے.

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ مریم نوازشریف کی درخواست ضمانت پر فیصلہ 31 اکتوبر کو محفوظ کیا گیا تھا۔ نیب نے مریم نوازشریف کو 8 اگست کو چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد مریم 48 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں رہیں جس کے بعد انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ مریم نواز کے والد نوازشریف اس وقت سروسز ہسپتال میں زیر علاج ہیں جس پر مریم نواز کی جانب سے والد کی تیمارداری کے لئے 24 اکتوبر کو درخواست ضمانت لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی جس پر عدالت نے 31 اکتوبر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو کہ آج سنا دیا گیا ہے ۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کو معطل کرتے ہوئے 8 ہفتوں کی ضمانت منظور کر لی تھی جبکہ چوہدری شوگر ملز کیس میں بھی لاہور ہائیکورٹ نے نوازشریف کو طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا تھا۔ نوازشریف کو طبیعت ناساز ہونے پر 14 روز قبل نیب کی جانب سے سروسزہسپتال منتقل کیا گیا، اس وقت ان کے پلیٹ لیٹس میں خطرناک حد تک کم ہو چکے تھے ۔ میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کی بیماری کی تشخیص کرنے کے بعد ان کا علاج شروع کیا اور اب اطلاعات ہیں کہ ان کی صحت پہلے سے بہتر ہو چکی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).