نوازشریف کی اڑھائی کروڑ روپے پر ضمانت لیکن حکومت نے 10 ارب روپے کی سیکیورٹی کیوں مانگی؟


حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے ضمانتی بانڈ جمع کروانے کی شرط عائد کی ہے۔  شیخ رشید کہتے ہیں ضمانتی بانڈ کی مالیت العزیزیہ کیس کے برابرہے جبکہ اے آر وائی نیوز کے پر وگرام باخبرسویرا میں بتایا گیا ہے کہ یہ رقم دس ارب روپے تک ہے، اینکر نے سینئر صحافی صابر شاکرسے سوال کیا کہ عدالت نے نواز شریف کو صرف اڑھائی کروڑ روپے میں ضمانت دے دی پھر حکومت کیوں اس قدر خطیر رقم مانگ رہی ہے جس پر صابر شاکر نے جواب دیا کہ عدالت کو معلوم ہوتا ہے کہ ملزم عدالتی اور حکومتی دائرہ کارمیں ہی رہ رہاہے اس لئے اس نے کم رقم پرضمانت دی لیکن حکومت ڈری ہوئی ہے کہ کہیں نواز شریف ملک سے باہر جاکر واپس ہی نہ آئے تو وہ کیا کرے گی۔

 اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے لئے جو سکیورٹی بانڈ جمع کرانے کا کہا گیاہے اس کی رقم العزیزیہ کیس کی مالیت کے برابر ہوگی۔ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ کابینہ نے کہا ہے کہ تمام قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد باہر جانے دیا جائے، زر ضمانت کی مالیت العزیزیہ کیس کی مالیت کے برابرہوگی۔

شیخ رشید نے کہا کہ ’میں کابینہ کا رکن ہوں اور کابینہ کے فیصلے کے ساتھ کھڑا ہوں‘۔  خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مشروط منظوری دی ہے، نواز شریف کو کہا گیا ہے کہ وہ سیکیورٹی بانڈ جمع کرائیں تو نام ای سی ایل سے نکلے گا۔ جیو نیوز کے مطابق العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے میں نواز شریف کو 7 سال قید بامشقت سمیت 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر (تقریباً تین ارب 90 کروڑ روپے ) اور 1.5 ارب روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے طبی بنیادوں پر العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی ضمانت 8 ہفتوں کے لئے منظور کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).