ڈونلد ٹرمپ، ہماری پارلیمنٹ اور کچھ مقامی خبریں


\"wajahat1\"امریکہ میں آٹھ نومبر کو صدارتی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔ 240 برس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک بڑی سیاسی جماعت نے ہلیری کلنٹن نامی ایک خاتون کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ امریکہ کے چوالیس صدور گزرے ہیں اور کبھی کوئی خاتون امیدوار تک نہیں بن پائی۔ 1988 میں ایک خاتون نائب صدر کے لئے امیدوار ہوئی تھیں لیکن تب ڈیموکریٹ پارٹی کا صدر بھی منتخب نہ ہو سکا۔ 1920تک تو امریکہ میں عورتوں کو ووٹ دینے کا حق بھی نہیں تھا۔ فکر اک عمر میں احساس میں حل ہوتی ہے۔ ووٹ دینے کے حق سے صدارتی امیدوار بننے کا سفر قریب ایک صدی میں طے ہوا۔ اب امریکہ میں کہیں سے یہ آواز سنائی نہیں دی کہ ہلیری کلنٹن ایک خاتون ہونے کی بنا پر صدارتی منصب کے لئے نااہل ہیں۔ اس کے بالکل برعکس قصہ یہ چل رہا ہے کہ مخالف صدارتی امیدوار کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ خواتین کے بارے میں غیر محتاط لب و لہجے اور قابل اعتراض رویوں کے مرتکب ہوتے رہے ہیں۔ اس سے واضح طور پر ری پبلکن امیدوار ٹرمپ کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ امریکا میں صدارتی عہدے پر فائز رہنے والے افراد کی ذاتی زندگیوں پر سوال اٹھتے رہے ہیں۔ فرینکلن روزویلٹ اور ان کی نامور اہلیہ کے خطوط تاریخ کا حصہ ہیں۔ جان ایف کینیڈی کی رنگینیِ طبع بھی کچھ ایسی پوشیدہ راز نہیں تھی۔ بل کلنٹن کی تجاوزاتی سرگرمیاں تو اب تک امریکی سیاسی منظر کا موضوعِ سخن ہے۔ لیکن یہ نکتہ قابل غور ہے کہ خاتون امیدوار صدارتی امیدوار ہونے پر مکمل اتفاق ہے اور مخالف امیدوار اپنے غیر محتاط لفظوں کی بھول بھلیوں میں الجھ چکا ہے۔ قوموں کا ارتقا یک رخا نہیں ہوتا۔ معیشت اور سیاست کے قدم بقدم اجتماعی اقدار بھی تبدیل ہوتی ہیں۔ سول رائٹس کے رہنما مارٹن لوتھر کنگ نے اپنی معروف ترین تقریر میں نیگرو کا لفظ استعمال کیا تھا۔ اب یہ لفظ بولنے والے کو سر پر توا باندھ کر نکلنا پڑے گا۔ ہمارے ملک میں محترم پرویز مشرف اپنی گل افشانیوں کے لئے جانے جاتے تھے۔ کینیڈا کا دورہ کرتے ہوئے اپنے ہی ملک کی عورتوں کے بارے میں ایک جملہ ایسا کہا کہ لٹیا ہی ڈبو دی۔ میزبان ملک کے اعلیٰ عہدے داروں نے ملاقات سے انکار کر دیا۔ مشرف صاحب حیران تھے کہ ہم تو اس ملک کے صدر کہلاتے ہیں جہاں آئین اٹھا کے کھڑکی سے باہر اچھال دیا \"clinton-politico\"جاتا ہے اور پوری قوم کی توہین کرنے پر بھی کوئی ہمارے منہ میں دانت نہیں گنتا۔ ایسے مواقع پر پرویز مشرف کا ایک چلتا ہوا جملہ تھا کہ لوگ over-react (ضرورت سے زیادہ رد عمل) کر رہے ہیں۔ انہوں نے کارگل کی لڑائی کے بارے میں بھی بھارت کے ردعمل کوover-reaction (ضرورت سے زیادہ رد عمل) کہا تھا۔ خود کو روشن خیال کہلانے والے پرویز مشرف بے خبر تھے کہ لفظوں کا انتخاب بنیادی سیاسی اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔ کبھی ہمارے ملک میں روزمرہ کی گفتگو میں مخاطب کو ذات پات، جسمانی معذوری اور مذہب کے حوالے سے تحقیر آمیز نام دینا عام تھا۔ میر امن نے باغ و بہار میں رنڈی کے لفظ کو عورت کے معنوں میں استعمال کیا ہے۔ انیسویں صدی میں یوسف کمبل پوش دنیا کی سیاحت پر نکلے اور یہی لفظ عورت کے لئے استعمال کرتے رہے۔ ان سے کوئی سو برس بعد میری دادی اماں مغربی پنجاب میں آباد ہوئیں تو انہیں سخت تعجب ہوتا تھا کہ یہاں بیوہ عورت کو رنڈی کہا جاتا ہے۔ معاشرتی ارتقا کے ساتھ لفظوں کی تہذیب بھی تبدیل ہوتی ہے۔

کچھ برس پہلے ہماری پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کے ایک قانون ساز رہنما نے اعلان کیا تھا کہ عورتوں کو زندہ درگور کرنا ہماری روایت کا حصہ ہے۔ پانچ برس پہلے گھریلو تشدد کے بارے میں مسودہ قانون پیش ہوا تو مسلم لیگ نواز کے ایک رکن اسمبلی تعجب سے پوچھتے تھے کہ گویا عورت پر ہاتھ اٹھانا بھی خلاف قانون پایا جائے گا؟ قانون تحفظ نسواں پر طوفان تو ابھی رواں برس مارچ میں اٹھایا گیا تھا۔ اسے مثبت پیش رفت کہنا چاہئے کہ نام نہاد غیرت کے نام پر قتل اور جنسی زیادتی کے بارے میں دو قوانین پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر منظور کیے ہیں۔ کچھ اختلافی آوازیں ضرور سننے میں آئیں لیکن کیپٹن صفدر سمیت کسی کو مخالفت میں ووٹ دینے کا حوصلہ نہیں ہوا۔ ہماری پارلیمنٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ سے بہتر اخلاقی قامت کا مظاہرہ کیا ہے۔

اس دوران عدالت عظمیٰ میں بھی کچھ اہم امور زیر سماعت ہیں۔ آسیہ بی بی کی اپیل فی الحال التوا میں چلی گئی۔ یہ ایک اہم مقدمہ ہے۔ اس پر \"donald-trump-smiling\"عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے قوم کی رہنمائی ہوگی۔ قوی امید ہے کہ انصاف کی ایسی پاسداری کی جائے گی جس سے قوم کا سر بلند ہوسکے۔ لاہور میں تعمیر ہونے والی اورنج ٹرین کے منصوبے سے کچھ تاریخی عمارتوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ زیر سماعت ہے۔ اس دوران عدالت عظمیٰ کے سربراہ کے ریمارکس اخبارات میں نقل کیے گئے ہیں۔ یہ سوال اپنی جگہ پر موجود ہے کہ کیا عدالتی مباحث کو خبر کی شکل دی جاسکتی ہے۔ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی مدت منصبی کے دوران یہ چلن عام ہوگیا تھا۔ آج تک یہ تاثر عام ہے کہ اس وقت کے چیف جسٹس کے شوق خطابت سے پیپلز پارٹی کی جمہوری حکومت کمزور ہوئی۔ خبر آئی ہے کہ چیف جسٹس نے حکومت کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے جمہوریت کی بجائے بادشاہت قرار دیا۔ نیز یہ بھی فرمایا کہ عوام اٹھ کھڑے ہوں۔ اتفاق سے تیس اکتوبر میں دو ہفتے باقی ہیں۔ ہم تاریخی طور پر آٹھ اکتوبر اور بارہ اکتوبر کی تواریخ سے لرزہ براندام رہے ہیں۔ 2011 کے بعد سے تیس اکتوبر بھی بھونچال کا نشان بن چکی ہے۔ ایسے میں امکان ہے کہ کچھ بد اندیش محترم چیف جسٹس کے عدالتی ریمارکس کو سیاست کے دائرے میں استعمال کرنا چاہیں۔ محترم چیف جسٹس کی رائے سر آنکھوں پر لیکن واقعہ یہ ہے کہ عدالت عظمیٰ کا ادارہ ایک آئینی بندوبست کا حصہ ہے اور جمہوریت اسی بندوبست کا سیاسی تشخص ہے۔ آئینی اداروں میں اختیار اور احتساب کے خطوط اسی آئینی بندوبست سے اخذ کیے جاتے ہیں۔ پارلیمنٹ جو قانون بناتی ہے، عدالت کو اس کی آئینی تشریح کا اختیار حاصل ہے۔ پارلیمنٹ کی ہدایت کے مطابق حکومت تشکیل پاتی ہے \"pervez-musharraf-061\"اور پارلیمنٹ حکومت کے احتساب کا حق رکھتی ہے۔ کیا یہ مناسب ہوگا کہ اختیار اور احتساب کے اس باہم مربوط نظام کا حصہ ہوتے ہوئے جمہوریت کے تشخص ہی کو بادشاہت قرار دے دیا جائے ۔ عدالت کا منصب عوام کو حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی ترغیب دینا نہیں۔ ن م راشد کہتے ہیں…. پہلے بھی تو گزرے ہیں دور نارسائی کے، بے ریا خدائی کے…. یہ ادوار ہم نے دیکھ لئے۔ اب خوف کی اس نفسیاتی گرہ کو کھول کر سمجھنا چاہئے کہ روشنی تو تم بھی تو ہو، روشنی تو ہم بھی ہیں۔

خبر کا ایک جبر ہوتا ہے۔ خبر کا اکھوا پتھر سے بھی پھوٹ نکلتا ہے۔ شہر کے عقلمند جوتا ہاتھ میں لے کر خبر کے پیچھے دوڑتے ہیں۔ اور عام طور پر خبر دینے والے کے گریبان گیر ہوجاتے ہیں۔ صحافی کو نامزد کیا جاسکتا ہے لیکن سوچنا چاہئے کہ خبر کا کیا ہوگا؟ اور یہ کہ خبر میں کیا ایسا ہے جو بتانا نہیں چاہئے تھا؟ اور خبر میں کیا ایسا ہے جو ہم کرنا نہیں چاہتے؟ کردہ اور نا کردہ کی ان ترجیحات میں ہم حاصل کیا کرنا چاہتے ہیں؟ بہت دلچسپ موسم ہے۔ تیس اکتوبر اور پھر آٹھ نومبر۔ اور پھر نومبر ختم ہو جائے گا۔ میکسم گورکی نے سوال اٹھایا تھا کہ تہذیب کے فرزندو! تم لکیر کے کس طرف کھڑے ہو؟