آرمی چیف کا ضبط جواب دے گیا: وزیراعظم سے اپنے تحفظات کا اظہار کر دیا


پی ایم ہاوس میں ہونے والے اجلاس میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے مدت ملازمت میں توسیع کے نوٹیفیکیشن اور سمری میں فرق پر کھل کر تحفظات کا اظہار کیا

نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف کا ضبط جواب دے گیا۔ وزیراعظم سے اپنے تحفظات کا اظہار کر دیا۔ پی ایم ہاوس میں ہونے والے اجلاس میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے مدت ملازمت میں توسیع کے نوٹیفیکیشن اور سمری میں فرق پر کھل کر تحفظات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت وزیراعظم ہاوس میں ہونے والے اہم ترین اور ہنگامی اجلاس کے دوران آرمی چیف نے تمام معاملے کے متنازعہ ہو جانے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے اپنی مدت ملازمت کی توسیع کیلئے تیار کی گئی سمری اور نوٹیفیکیشن میں موجود فرق کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے بھی اس تمام معاملے کو متنازع بنا دینے والے ذمے داران پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان بھی کیا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت میں اٹھائے گئےسوالات پرغورکیاگیا۔ وزیراعظم کی لیگل ٹیم نے سپریم کورٹ کےاعتراضات پر شق واربریفنگ دی۔ جبکہ سپریم کورٹ کےسمری پر اٹھائے گئے اعتراضات پر آرمی چیف سے بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے دوران آرمی چیف کی مدت ملازمت مین توسیع کیلئے سپریم کورٹ کےاعتراضات کی روشنی میں نیا مسودہ تیار کیا گیا۔ نیا مسودہ سپریم کورٹ کے اعتراضات کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا اور اس کی تیاری کیلئے معروف قانونی ماہرین کی خدمات لی گئیں۔

وفاقی کابینہ سےمنظوری کیلئے سمری ارکان کابینہ کو سرکولیٹ کیے جانے کا امکان ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران حکومت نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے پر ہر صورت قائم رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے قانونی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ کل مکمل تیاری کے ساتھ سپریم کورٹ میں پیش ہوا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ حکومت کسی بھی قسم کا غیر قانونی یا غیر آئینی قدم نہیں اٹھائے گی۔ اجلاس کے دوران یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہر صورت یہ تاثر زائل کیا جائے کہ فوج اور عدلیہ کے درمیان کسی قسم کا ٹکراو ہے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے قانون اور آئین سے ہٹ کر کوئی قدم نہیں اٹھایا جائے گا۔ جبکہ یہ تمام معاملہ کل تک ہر صورت حل کر لیا جائے گا۔

اس سے قبل آرمی چیف وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کیلئے وزیراعظم ہاؤس پہنچے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، اٹارنی جنرل، فروغ نسیم، سیکرٹری قانون اور کابینہ کے سینئیر اراکین نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے موجودہ بحران کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے کابینہ کے سینئیر اراکین کا اجلاس طلب کیا۔ زیراعظم عمران خان نے اجلاس میں بابر اعوان کو بھی خصوصی طور پر بلایا۔

واضح رہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق بدھ کے روز سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران طویل بحث ہوئی جس کے بعد چیف جسٹس نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت 28 اور 29 کی درمیانی شب ختم ہو رہی ہے۔ وقت کم ہے، جلد فیصلہ کرنا ہو گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).