کماٹھی پورہ کے بھارتی قحبہ خانے میں سسکتی زندگیاں


برطانوی فوٹو جرنلسٹ ہیزل تھامسن گذشتہ ایک دہائی سے بھارت میں جسم فروشی کے بازار میں لائی جانے والی لڑکیوں کی زندگی پر تحقیق کر رہی ہیں۔ اپنی اس تحقیق کے بارے میں انہوں نے آتش پٹیل سے بات کی ہے۔

ان کے مطابق گڈّي جب صرف 11 سال کی تھی تو ایک پڑوسی نے اس کے گھر والوں کو اسے ممبئی بھیجنے کے لیے آمادہ کر لیا تھا۔ اس کا گھر ممبئی سے سینکڑوں میل دور مغربی بنگال کے ایک افلاس زدہ گاؤں میں تھا۔

اسے اچھی تنخواہ والی گھریلو ملازمت دلانے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اس کے بجائے اسے ایشیا کے سب سے بڑے جسم فروشی کے بازار میں سے ایک میں سیکس ورکر کے طور پر پہنچا دیا گیا۔ وہاں ایک گاہک نے اس کے ساتھ ریپ کیا اور اس کے بعد تین ماہ اسے ہسپتال میں رہنا پڑا۔ تھامسن کہتی ہیں ’اس کا حوصلہ توڑنے کے لیے اس کا ریپ کیا گیا تھا۔‘

دل دہلا دینے والی یہ داستان اکیلی گڈّي کی نہیں ہے بلکہ ہیزل کے مطابق كماٹھی پورہ کی 20 ہزار سے زیادہ سیکس ورکروں میں سے بہت سی خواتین کی کہانی اس سے مماثل ہے۔

كماٹھی پورہ کو 150 سال پہلے نو آبادیاتی برطانوی دور حکومت میں برطانوی فوجیوں کی ’عیش گاہ‘ کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔

تھامسن کا كماٹھی پورہ کا سفر سنہ 2002 میں اس وقت شروع ہوا تھا جب وہ قحبہ خانوں میں پیدا ہونے والے بچوں کی تصاویر لینے گئی تھیں۔ بعد میں انہوں نے اپنے تجربے پر مبنی ای بک ’ٹیکن‘ لکھی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’ممبئی کے كماٹھی پورہ علاقے میں یوں محسوس ہوتا ہے گویا وقت ٹھہر گیا ہے۔‘

hazel thompson

ممبئی کا قدیم ترین اور سب سے بڑا یہ جسم فروشی کا بازار چودہ تنگ و تاریک گلیوں پر مشتمل ہے جو کہ ممبئی کی اقتصادی ترقی کی چکاچوند اور فلک بوس عمارتوں میں کہیں گم ہے۔

انیسویں صدی کے دوران برطانوی فوج نے پورے بھارت میں اپنے فوجیوں کے لیے کئي قحبہ خانے قائم کیے تھے جہاں گاؤں کے غریب گھرانوں سے کمسن لڑکیوں کو جسم فروشی کے لیے لایا جانے لگا۔ انہیں براہ راست فوج سے پیسے ملتے تھے اور فوج ہی ان کی قیمت طے کیا کرتی تھی۔

سنہ 1864 تک ممبئی کے ارد گرد آٹھ ایسی بستیاں تھیں جہاں 500 سے زیادہ سیکس ورکرز رہتی تھیں۔ تقریبا 60 سال بعد ان میں سے صرف دو بستیاں رہ گئيں اور ان میں كماٹھی پورہ سب سے بڑی بستی تھی۔

تھامسن کا کہنا ہے کہ ’وہاں آج تک وہی روایت جاری ہے۔‘ تھامسن کا دعوی ہے کہ ’گذشتہ 120 سالوں سے كماٹھی پورہ میں کچھ نہیں بدلا ہے۔ کچھ بھی نہیں۔‘ آج کل یہاں عورتیں سیکس کے لیے 500 روپے لیتی ہیں اور 12 سے 16 سال کے درمیان کی لڑکیاں 2000 روپے تک کما لیتی ہیں۔ کنواری لڑکیوں کے لیے اونچی بولی لگتی ہے

سنہ 1890 کی دہائی میں میں پر تشدد گاہکوں سے بچانے کے لیے پولیس نے ان عورتوں کے لیے کھڑکیاں بنوائیں اور دروازوں پر سلاخیں لگوائی تھی۔ کئی خواتین آج بھی برطانوی افسروں کے ذریعے بنائے گئے ان ’پنجروں‘ میں رہتی اور کام کرتی ہیں۔

35  سالہ فوٹو گرافر کو كماٹھي پورہ کی اس پراسرار دنیا میں جانے کا موقع تب ملا ، جب وہ ’بامبے ٹین چیلنج‘ نام کی چیریٹی ادارے میں پہنچیں۔ اس ادارے کو كماٹھی پورہ کے سابق سیکس ورکرز اور دلال چلاتے ہیں اور وہ گذشتہ 20 برسوں سے كماٹھی پورہ سے سیکس ورکروں کو نکالنے اور آبادکاری کی خدمات میں لگے ہوئے ہیں۔

ہیزل اس علاقے میں ایک امدادی کارکن کے بھیس میں گئی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پہلے پہل چھپ کر تصویر لیتی تھیں۔ انہوں نے بتایا ’میں وہاں جاتی اور اپنا کام جلدی سے ختم کرکے نکل جاتی۔ میں ایسا ان کی توجہ سے بچنے کے لیے کرتی تھی۔‘

وہ جب بھی وہاں جاتیں انھیں ایک خطرہ محسوس ہوتا اور جس کا خوف تھا وہ واقعہ سنہ 2010 میں ایک سیکس ورکر سے بات کرتے ہوئے پیش آیا جب غنڈوں کے ایک گروہ نے انہیں مارا پیٹا۔ انہوں نے مزید بتایا ، ’كماٹھی پورہ میں سچ جاننے کے اپنے سفر کے دوران میں نے کئی بار پیچھے لوٹ جانے کی کوشش کی۔‘

مس تھامسن کی ای بک ’ٹیکن‘ میں متن، تصاویر اور ویڈیو کے ذریعہ كماٹھی پورہ کی زندگی کی ایک تصویر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ اس میں ان عورتوں کی داستان بھی درج ہے جو اس ’جدید غلامی‘ سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

مثال کے طور کرناٹک کے جنوبی علاقے سے آنے والی 16 سالہ لتا۔ لتا کو اس کے دوست نے ہی نشہ آور دوا دے کر اس دلدل میں پھینک دیا تھا۔برسوں بعد ’ممبئی ٹین چیلنج‘ تنظیم نے انہیں وہاں سے نکالا اور ان کے اہل خانہ سے انھیں ملایا۔ اب وہ تنظیم کی طرف سے چلائے جانے والے ایک مرکز میں رہتی ہیں۔

تھامسن کہتی ہیں ’11 سال تک میرا وہاں آنا جانا رہا۔ اس دوران مجھے ایسی ایک عورت نہیں ملی جس نے اپنی مرضی سے یہ کام کیا ہو۔ یہ عورتیں یا تو یہیں پیدا ہونے والی تھیں یا اسمگلنگ کے ذریعہ لائی گئی تھیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32473 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp