پرویز مشرف سے متعلق فیصلے پر افواج پاکستان کی طرف سے شدید غم و غصہ اور اضطراب کا اظہار


سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف سے متعلق عدالتی فیصلے پر افواج پاکستان کا ردعمل سامنے آگیا۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے جی ایچ کیو میں خصوصی کانفرنس کے بعد پرویز مشرف کی سزائے موت کے فیصلے پر بیان جاری کیا۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف سے متعلق خصوصی عدالت کے فیصلے پر افواج پاکستان میں شدید غم و غصہ اور اضطراب ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پرویز مشرف آرمی چیف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور صدر پاکستان رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے 40 سال سے زائد عرصہ پاکستان کی خدمت کی، ملک کے دفاع میں کئی جنگیں لڑیں۔ میجر جنرل آصف غفور نے یہ بھی کہا کہ جنرل پرویز مشرف کسی صورت بھی غدار نہیں ہوسکتے، خصوصی کورٹ کی تشکیل اور کیس میں آئینی و قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی کارروائی شخصی بنیاد پر کی گئی، سابق آرمی چیف کو عدالت نے دفاع کا بنیادی حق نہیں دیا بلکہ کیس عجلت میں نمٹایا گیا ہے۔ پاک فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ افواج پاکستان توقع کرتی ہے کہ پرویز مشرف کو آئین کے تحت انصاف دیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).