مشرف کو سزائے موت: حامد میر کا عرفان قادر کو دبنگ جواب
سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے خصوصی عدالت کے فیصلے کو متنازع قرار دینے پر سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر کو جواب دے دیا۔
حامد میر نے سابق آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کی سزائے موت پر سابق اٹارنی جنرل کا بیان سامنے آنے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ عرفان قادر نے پرویز مشرف کے خلاف خصوصی عدالت کے فیصلے کو بھٹو کیس کے فیصلے سے بھی برا قرار دیا ہے۔
حامد میر نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور پرویز مشرف کے کیس کا موازنہ کسی طور درست نہیں۔ بھٹو کے خلاف فیصلہ ڈکٹیٹر کے ماتحت ججز نے دیا، جن میں سے 3 نے فیصلے سے اختلاف کیا تھا۔
حامد میر نے سابق اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ جن ججوں کی بحالی کو وہ درست نہیں سمجھتے، ان ہی کے فیصلے پر کیا نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی نااہل ہو سکتے ہیں؟
حامد میر نے مزید کہا کہ ان ہی ججوں کی بنائی ہوئی خصوصی عدالت کا مشرف کے خلاف فیصلہ آئے تو کہتے ہیں کہ متنازع ہے۔


