اکرم شیخ کے گھر میں گھسنے والے نامعلوم افراد نے پھر آنے کی دھمکی بھی دی: حامد میر
معروف قانون دان اکرم شیخ کے فارم ہاؤس پرمسلح افراد گھس گئے جنہوں نے گھر کی تلاشی لی اور کچھ رقم لے کر چلتے بنے جبکہ دوبارہ آنے کی بھی دھمکی دیدی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف قانون دان اکرم شیخ کے فارم ہاؤس پرڈکیتی کی واردات ہوئی ہے۔ اکرم شیخ بھی ڈکیتی کے دوران فارم ہاؤس پرموجود تھے۔ انہوں نے اکرم شیخ سمیت اہل خانہ کو دو گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا۔ 5 لاکھ روپے اور قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہو گئے۔
سینئر صحافی حامد میر نے لکھا کہ "نا معلوم مسلح افراد آج علی الصبح سینئر وکیل اکرم شیخ کے گھر میں گھس گئے انہیں دو گھنٹے سے زائد عرصہ تک گن پوائنٹ پر یر غمال بنائے رکھا۔ ان کے گھر میں موجود تمام کاغذات کی تلاشی لی۔ پھر کچھ رقم لی اور کہا “باز نہ آئے تو پھر آئیں گے” اکرم شیخ آئین سے غداری کیس میں پراسیکیوٹر تھے لیکن بعد میں الگ ہوگئے تھے”۔
حامد میر نے ایک اور ٹوئیٹ میں لکھا کہ "اکرم شیخ اپنے گھر میں گھسنے والے نامعلوم مسلح افراد کے جانے کے بعد تیار ہوئے اور نئے چیف جسٹس کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لئے ایوان صدر چلے گئے وہاں انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو اس واقعے کی اطلاع دیدی انہوں نے مجھے بتایا کہ مسلح افراد نے انہیں کہا کہ مقدمہ درج مت کرانا”۔
انہوں نے مزید لکھا کہ "اکرم شیخ کو آئین سے غداری کیس میں پراسیکیوٹر بننے کے بعد مسلسل دھمکیوں کا سامنا تھا انکی اہلیہ مرحومہ کو بھی دھمکیاں دی گئیں انکے فوت ہونے کے بعد دیگر اہل خانہ کو دھمکیاں دی گئیں تو اکرم شیخ اس کیس سے علیحدہ ہو گئے اب فیصلہ آنے کے 24 گھنٹے کے اندر نامعلوم افراد گھر میں گھس گئے”۔



