ماڈل پیپر مطالعہ نیا پاکستان


پیارے پیارے بچوں اور طالب علموں!

اب جب کہ نیا پاکستان کا دیرینہ خواب پورا ہو چکا ہے۔

اور خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے والے جماعت کے قائد کی حکومت قائم ہو چکی ہے۔ اس لیے مفاد عامہ اور طلبا کی سہولت کے لیے مطالعہ نیا پاکستان کا نیا نصاب

تشکیل دیا گیا ہے اور نئے نصاب کے مطابق ماڈل پیپر بھی ترتیب دیا گیا ہے۔ ماڈل پیپر کو مد نظر رکھتے ہوئے، امتحان کی تیاری کرو۔ چونکہ ملک کا مستقبل تمہارے نہیں کسی اور کے ہاتھ میں ہے۔

پرچہ مطالعہ نیا پاکستان

ثانوی تعلیی بورڈ، نیا پاکستان۔

برائے جماعت نہم

نوٹ:۔ مندرجہ ذیل میں سے ہر سوال کا جواب لازمی ہے۔ چونکہ تمام سوالات ملکی ترقی اور سلامتی سے جڑے ہیں۔ تمام سوالوں کے درست جواب دینے والا طالب علم مستقبل کا حکمران بننے کا مستحق ہوگا۔

س۔ 1 : یو ٹرن کے فوائد پر روشنی ڈالو، نیز یہ بھی بتاٶ کہ موجودہ حکومت نے سب سے بڑا یو ٹرن کب اور کس ملک سے جا کر لیا؟

س۔ 2 : مثالوں کے ذریعے ویڈیو اور فوٹیج کا فرق واضح کرو۔

س۔ 3 : ٹک ٹک سٹارز حریم شاہ اور صندل خٹک نے ایک جٹھ ہو کر وزارت خارجہ و ریلوے کے لیے کیا خدمات انجام دی ہیں؟

س۔ 4 : مرغی، انڈے اور کٹے کے منصوبے پر روشنی ڈالو۔ نیز یہ بھی بتاٶ کہ تم کو اب تک کتنے انڈے ملے ہیں؟

س۔ 5 : ووٹ، بوٹ اور چھڑی میں سے کس کی عزت کرنی چاہیے اور کیوں؟ تفصیل سے بحث کرو۔

س۔ 6 : حصول تعلیم کے لیے کون سی عمر میں نکلنا مناسب ہے؟ ان ممالک کے نام بتاٶ، جہاں ضعیف العمر طلبا کو گرفتار نہ کیا جاتا ہو۔

س۔ 7 : ڈالر کی قیمت بڑھنے سے بی آر ٹی منصوبے کو کیسے فائدہ ہوا؟ صوبائی وزیر کے بیان کی روشنی میں تفصیل سے بیان کرو۔

س۔ 8 : آرڈیننس فیکٹری عرف عام میں کس کو کہا جاتا ہے؟ فیکٹری کے محل وقوع سے آگاہ کرو۔

س۔ 9 : این آر او، ڈیل اور ڈھیل میں فرق واضح کرو۔ نیز یہ بھی بتاٶ کہ تم اس میں سے کیا لینا پسند کرو گے۔

س۔ 10 : او آئی سی کی کارکردگی پر بحث کرو۔ نیز یہ بھی بتاٶ کہ او آئی سی سے تم کیا مراد لیتے ہو؟

س۔ 11 : ایکسٹینشن کیا ہوتی ہے؟ عام و نجی زندگی میں ایکسٹینشن کی اہمیت پر روشنی ڈالو۔

س۔ 12 : کیا تم نے کبھی کسی ڈیم کے لیے چندہ دیا ہے؟ یہ بھی بتاٶ کہ وہ ڈیم کب بنے گا؟ اور اس کے رکھوالے کہاں پائے جاتے ہیں؟

س۔ 13 : نظریے اور بیانیے میں کیا فرق ہوتا ہے؟ کب اور کس موقعے پر نظریے اور بیانیے میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے؟

س۔ 14 : لوٹوں میں پیندا ہونے کی کیا وجوہ ہیں؟ نیز یہ بھی بتاٶ کہ بنا پیندے کا لوٹا کسے کہا جاتا ہے؟

س۔ 15 : بحریہ ٹاٶن زمین پر کیسے اور کب بنا؟ تفصیل سے بیان کرو۔

س۔ 16 : فضائیہ ہاٶسنگ سکیم زمین پر بنے گی یا ہوائی منصوبہ ہے؟

س۔ 17 : نئے پاکستان میں تم پر قرضہ بڑھا ہے یا کم ہوا ہے؟ اعداد و شمار سے واضح کرو۔ یہ بھی بتاٶ کہ قرضہ کب واپس کرو گے؟

س۔ 18 : خلائی مخلوق کہاں رہتی ہے؟ یہ بھی بتاٶ کہ خلائی مخلوق سے قوم کا براہ راست کتنی دفعہ سابقہ پڑا ہے؟

س۔ 19 : تیل کی نہریں جب بہیں گی، تو تم تیل کس چیز سے نکالو گے؟ یہ بھی بتاٶ کہ تمہارا تیل کس حکومت نے زیادہ نکالا ہے؟

س۔ 20 : رانا ثنا ٕ اللہ سے پکڑی جانے والی 15 کلو ہیروئین کہاں ہے؟ اور اس کا مستحق کون ہے؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments