زرتاج گل نے حریم شاہ کے حوالے سے وڈیو کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھا دیا


ٹک ٹاک سٹارز حریم شاہ اور صندل خٹک کا تذکرہ قومی اسمبلی تک پہنچ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کچھ دن قبل صحافی مبشر لقمان نے صحافی رائے ثاقب کھرل کے ہمراہ اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کی جس کا دورانیہ 22 منٹ تھا. اس ویڈیو میں رائے ثاقب کھرل نے دعویٰ کیا کہ حریم شاہ کے پاس فواد چوہدری کی غیر اخلاقی ویڈیوز ہیں اور کہا کہ ایک خاتون وزیر کی بھی ویڈیو ہے جو کہتی ہیں کہ وزیراعظم بہت ہینڈ سم ہے۔ رائے ثاقب کھرل نے خاتون وزیر کا نام تو نہیں لیا لیکن وہ اشارہ ایسا دے گئے کہ بات بہت آگے نکل گئی۔ اسی ویڈیو کے باعث فواد چوہدری نے مبشر لقمان کو شادی کی تقریب میں تھپڑ بھی مارے اور اب پی ٹی آئی کی خاتون وزیر زرتاج گل نے یہ معاملہ قومی اسمبلی میں بھی اٹھا دیا ہے۔

وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بغیر ثبوت کے کسی پر الزام نہیں لگانا چاہیے۔ عزت سب کی برابر ہے۔ خواتین بھی الیکشن لڑ کر آتی ہیں۔ انہوں نے ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو خود عورتوں کو گالیاں دیتے ہیں، کیا آپ بھول جاتے ہیں کہ ہم بھی کسی کی مائیں، بہنیں ہیں۔ میری بہن آسٹریلیا سے مجھ سے پوچھ رہی ہے کہ یہ ویڈیو والا معاملہ کیا ہے؟

زرتاج گل کے قومی اسمبلی میں کیے گئے خطاب کے ساتھ ایک اور کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ نام لیے بغیر مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں اور نہایت نامناسب انداز میں انہیں ’ بھگوڑی ‘ قرار دیتی دکھائی دے رہی ہیں۔ اس معاملے کے بعد زرتاج گل کے ماضی میں مریم نواز کے بارے میں دیئے گئے بیانا ت کی ویڈیوز بھی وائرل ہو رہی ہیں جن پر خاتون وزیر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments