شوکت یوسفزئی کا یو ٹرن: تین برطرف صوبائی وزرا پر سخت تنقید


وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے چند روز قبل صوبائی کابینہ میں اختلافات کی خبروں کی تردید کی تھی۔ تاہم آج شوکت یوسفزئی نے تین کلیدی وزراء کی برطرفی کو اچھا اقدام قرار دیا ہے ۔

چند روز قبل انہوں نے اختلافات کی خبروں کی تردید کے ساتھ یہ اشارہ بھی دیا تھاکہ وزیراعلیٰ محمود خان کو وزیراعظم عمران خان کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔ شوکت یوسفزئی نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ وزیراعلیٰ جسے چاہیں کابینہ سے نکال دیں ۔

آج میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ برطرف وزراء کابینہ کے فیصلوں سے انحراف کر کے حکومت کے لیے مشکلات پیدا کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے تینوں صوبائی وزراء کو ان کے منفی طرز عمل کی وجہ سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ۔

صوبائی وزیراطلاعات نے تینوں وزراء کی برطرفی کو ایک اچھا فیصلہ قرار دیا اور کہاکہ کسی کو بھی پارٹی یا حکومت کو بلیک میل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہاکہ گروپ بندی میں پارٹی خاموش رہتی ہے تو مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے بعد سب سے اہم وزارت جس شخص کو ملی، وہ مسائل پیدا کرتا رہا۔

شوکت یوسفزئی نے دوران گفتگو برطرف کیے گئے وزیر عاطف خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عاطف خان وزارت اعلیٰ کے بھی امیدوار تھے حالانکہ انہیں اہم ترین وزارت اور چار محکمے دیے گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ عاطف خان نے وزیراعلیٰ محمود خان کو کبھی بھی تسلیم نہیں کیا بلکہ ہمیشہ ان کےلیے مشکلات پیدا کیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments