سانحہ تیزگام کی انکوائری رپورٹ: وزیر ریلوے شیخ رشید کا دعوی جھوٹ ثابت ہوا


گزشتہ برس 30 اکتوبر کو رونما ہونے والے سانحہ تیزگام کی انکوائری رپورٹ نے وزیر ریلوے شیخ رشید کا دعوی جھوٹا ثابت کر دیا۔ انکوائری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ گیس سلنڈر پھٹنے سے نہیں، شارٹ سرکٹ کے باعث ہوا۔ تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹواور سابق وفاقی انسپکٹر آف ریلویز دوست علی لغاری کی جانب سے تیزگام حادثے کی انکوائری رپورٹ مرتب کی گئی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 30 اکتوبر کو ہونے والا حادثہ گیس سلنڈر پھٹنے سے نہیں بلکہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہوا۔ ٹرین میں آگ کچن پورشن میں الیکٹریکل کیٹل کی ناقص وائرنگ کی وجہ سے لگی۔ 12نمبر بوگی میں الیکٹرک سپلائی بوگی نمبر 11 سے غیر قانونی طریقے سے لی گئی تھی اور تار میں ناقص جوڑ لگایا گیا تھا جس کے ہیٹ اپ ہونے کی وجہ سے شارٹ سرکٹ ہوا۔

انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شارٹ سرکٹ ہونے سے دروازے کے پاس پڑے مسافروں کے سامان میں آگ لگی اور وائرنگ متاثر ہونے سے پوری بوگی میں شدید دھواں بڑھ گیا۔ آگ نے بوگی نمبر12 کی تمام وائرنگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ بوگی میں مسافروں کے سامان کے ساتھ گیس سلنڈر بھی موجود تھا۔ ٹرین میں آگ بجھانے والی آلات کی کمی کے باعث موقع پر قابو نہیں پایا جا سکا۔

انکوائری رپورٹ میں ڈپٹی ڈی ایس، کمرشل آفیسر، ایس ایچ او، ڈائننگ کار کے ٹھیکیدار، ویٹرز،ہیڈ کانسٹیبل، ریزرویشن اسٹاف کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ ذمہ داروں میں ڈائننگ کار کے منیجر محمد آصف، ویٹر عبدالستار، افتخار احمد، ہیڈ کانسٹیبل علی جان، محمد نسیم، کانسٹیبل محمد ارشد، جہانگیر حسین، ریزرویشن اسٹاف عامر حسین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ڈپٹی ڈی ایس کراچی جمشید عالم، ڈویژنل کمرشل آفیسر جنید اسلم، ریزرویشن کلرک محمد ندیم، ایس ایچ او حیدر آباد طارق علی لغاری، ایس ایچ او خانپور امداد علی پر بھی حادثے کی ذمہ دار ی عائد کی گئی ہے۔

انکوائری رپورٹ میں بتائے گئے ذمہ داروں کو پہلے ہی عہدے سے ہٹایا جا چکا ہے جبکہ سیکرٹری ریلوے حبیب الرحمن گیلانی نے انکوائری رپورٹ کی منظوری دے دی ہے۔ واضح رہے کہ 30اکتوبر2019 کو کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آگ بھڑکنے کے نتیجے میں 76 مسافر جاں بحق اور 90 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments