صوابی میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ سے دو لیڈی ہیلتھ ورکرز شہید


صوابی میں انسداد پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو لیڈی ہیلتھ ورکرز شہید ہو گئیں۔

پولیس کے مطابق 5 روزہ انسداد پولیو مہم کے پہلے روز صوابی کے علاقے پرمولی میرعلی میں لیڈی ہیلتھ ورکرز بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہی تھیں کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کر دی۔ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے لیڈی ہیلتھ ورکر شکیلا موقع پر ہی شہید ہو گئی جبکہ غنچہ نامی لیڈی ہیلتھ ورکر کو زخمی حالت میں فوری طبی امداد کے بعد پشاور ہسپتال بھجوا دیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملیں۔

پولیس کے مطابق سیکیورٹی پر موجود دو پولیس اہلکاروں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ انہوں نے جوابی کارروائی کیوں نہیں کی؟ دوسری طرف ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کا کہنا ہے کہ ضلع میں انسداد پولیو مہم بدستور جاری ہے۔ خیال رہے کہ خیبر پختونخوا 2019 میں پولیو سے سب زیادہ متاثر رہا ہے جہاں 100 سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

Facebook Comments HS