چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کے طویل رخصت پر جانے کی اصل وجہ سامنے آ گئی
چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو شبر زیدی نے طبی بنیادوں پر طویل رخصت پر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق ڈاکٹروں نے شبرزیدی کو آرام کا مشورہ دیا ہے اور وہ 3 فروری سے رخصت پر جائیں گے۔ اس سے قبل بھی چیئرمین ایف بی آر 6 سے 19 جنوری 2020 کے دوران خراب صحت کے سبب رخصت پر تھے۔
شبر زیدی 21 جنوری کو ہی چھٹیوں سے واپس آئے ہیں اور ان کی جگہ 22 ویں گریڈ کا افسر قائمقام چیئرمین کے فرائض انجام دے رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر غیر معینہ مدت کیلئے چھٹیوں پر جا رہے ہیں اور انہوں نے متعلقہ حکام کو اس کے بارے میں مطلع کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق شبرزیدی ایک ہفتے سے دفتر نہیں آ رہے اور نہ 21 جنوری کے بعد کسی معاملے پر کارروائی آگے بڑھائی ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین کی عدم دلچسپی کے سبب ادارے میں غیریقینی پائی جا رہی ہے کہ وہ کام جاری رکھیں گے یا نہیں۔ خیال رہے کہ ایف بی آر مالی سال 2019-20 کی پہلی ششماہی میں محصولات جمع کرنے کا ہدف حاصل نہیں کرسکا۔ ایف بی آر نے صرف287 ارب روپے جمع کیے ہیں جبکہ ہدف 2.367 کھرب رکھا گیا تھا۔ باخبر ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیراعظم کے مشیربرائے مالیات ڈاکٹرحفیظ چیئرمین ایف بی آر سے کہہ چکے ہیں کہ ناقص کارکردگی والے افسران کو گھر بھیجا جائے تاہم کسی کو کام سے روکا نہیں گیا


