چوہدری برادران نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات سے انکار کر دیا


مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف حکومت میں اختلافات بڑھ گئے۔ چوہدری برادران نے فیصلہ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ملنے نہیں جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے موقف اپنایا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان سے ملنے نہیں جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں گورننس کے شدید مسائل ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ بھی مسائل کے لیے ہمارے پاس آتے ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر شفقت محمود نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کی تھی لیکن ق لیگی قیادت نے شفقت محمود سے اتحاد کے معاملات پر بات کرنے سے گریز کیا۔ شفقت محمود نے ملاقات کے بعد اکیلے میڈیا سے بات چیت کی، کوئی ق لیگی رہنماء ان کے ہمراہ موجود نہیں تھا۔

اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ چوہدری برادران کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات نہیں کرینگے۔ واضح رہے گزشتہ روز ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت کی صدارت میں پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر حکومت نے مسائل حل نہ کیے تو وفاق اور پنجاب سے وزارتوں سے استعفیٰ دے دیں گے۔ چودھری پرویز الٰہی بھی اسپیکر سے مستعفی ہوجائیں گے۔ ق لیگ بلدیاتی الیکشن میں حصہ الگ پوزیشن میں لے گی۔

Facebook Comments HS