چوہدری برادران پنجاب میں تحریک انصاف حکومت گرانے کے لیے نواز شریف سے اشارے کے منتظر ہیں: ڈاکٹر شاہد مسعود
چوہدری برادران پنجاب حکومت گرانے کے لئے تیار ہیں۔ ق لیگ پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو گرانے کے لیے نواز شریف صاحب کے اشارے کی منتظر ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے انکشاف کیا ہے کہ چوہدری برادران پنجاب حکومت کو گرانے کے لیے نواز شریف کے اشارے کے منتظر ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے ق لیگ کا کوئی نہ کوئی فرد لندن میں نواز شریف سے ملاقات کرے گا یا لندن سے شہباز شریف ان سے ملاقات کے لیے آئیں گے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میں کوئی بات نہیں کروں گا۔
واضح رہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے موقف اپنایا تھا کہ وہ وزیراعظم عمران خان سے ملنے نہیں جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گورننس کے شدید مسائل ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ بھی مسائل کے لیے ہمارے پاس آتے ہیں۔ پنجاب میں حکومت کرنے کی خبریں بہت زیادہ گردش میں ہیں۔ قبل ازیں ذرائع کا کہنا تھا کہ لندن میں ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ مسلم لیگ ن کا نیا ہدف وفاق نہیں ہو گا بلکہ تمام تر توجہ پنجاب کی طرف ہوگی۔ پنجاب میں حکومت بنا لینے کےبعد مرکز میں حکومت بنائی جائے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب میں حکومت بنائی جائے تو وفاق میں موجودہ حکومت کو ٹف ٹائم دیا جا سکتا ہے۔ پنجاب میں تبدیلی کے بعد مرکز میں بھی تبدیلی کا جائزہ لیا جائیگا۔


