پرویز الٰہی عمران خان نہیں ہیں جو کسی سے رابطہ نہیں رکھتا: رانا ثنا اللہ
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی عمران خان نہیں ہیں جو کسی سے رابطہ نہیں رکھتا، سیاستدانوں کے رابطے ہوتے ہیں۔ عمران خان انوکھے سیاستدان ہیں جو حزب اختلاف سے رابطے نہیں رکھتے۔ اس طرح سے پارلیمانی سیاست کسی ملک میں نہیں چلتی۔ سیاست ممکنات کا کھیل ہے۔ آگے چل کے پنجاب میں تبدیلی کے لئے کوئی صورت حال پیدا ہوتی ہے تو ہماری جماعت حالات کے مطابق اپنا کردار ادا کرے گی۔
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت اور (ق) لیگ پی ٹی آئی کی طرح نہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ رابطے ہونے چاہئیں۔ ق لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان اختلاف ہمارے رابطوں کی وجہ سے نہیں ہے بلکہ حکومتی اتحادیوں کے درمیان فاصلوں کی وجہ پی ٹی آئی کا رویہ اور کارکردگی ہے۔
اس سوال کہ کیا (ن) اور( ق) لیگ کے رابطے پنجاب میں تبدیلی کی طرف جا سکتے ہیں کے جواب میں رانا ثنا کا کہنا تھا کہ سیاست ممکنات کا کھیل ہے اگر آگے چل کے ایسی کوئی صورت حال پیدا ہوتی ہے تو ہماری جماعت حالات کے مطابق اپنا کردار ادا کرے گی۔ اگر اپوزیشن پی ٹی آئی کی حکومت گرا دیتی تو موجودہ حکمراں جماعت کو یہ بہانہ مل جاتا کہ ہمیں کام نہیں کرنے دیا گیا ورنہ مسائل حل ہو جاتے۔ راناثنا اللہ نے کہا حزب اختلاف کی تمام جماعتوں نے اس لیے پی ٹی آئی کو وقت دیا کہ اس کی نااہلی کھل کرعوام کے سامنے آ سکے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف جلد پاکستان آئیں گے اور عوام ان کو سیاست میں دوبارہ متحرک دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں، کارکنوں کے درمیان غصہ اور ناراضی چلتے رہتے ہیں۔ بڑی پارٹیوں میں گروپنگ ہوتی ہے لیکن اس کی طاقت قیادت کے ساتھ مخلص رہنے میں ہوتی ہے۔ پارٹی کو نقصان اس وقت ہوتا ہے جب کارکن قیادت کے مخالف کھڑے ہوجائیں اور لیگ میں ایسی صورت حال بالکل نہیں ہے۔


