ریپ کی ویڈیو پورن ہب سے ہٹوانے کے لیے روز کلیمبا کی جدوجہد کی کہانی


روز نے اسی وقت فیصلہ کیا کہ وہ ان ویڈیوز سے متعلق اپنے گھر والوں کو نہیں بتائیں گی، اور بتاتی بھی کیوں خاندان کے بہت سے لوگ ان کے معاون اور مددگار نہیں تھے۔ انھیں بتا کر کچھ حاصل نہیں ہونا تھا۔

چند ہی روز میں یہ واضح ہو گیا کہ ان کے سکول کے بہت سے لوگ یہ ویڈیوز دیکھ چکے ہیں۔

وہ کہتی ہیں کہ ’سکول میں میرا تمسخر اڑایا گیا۔ لوگ کہتے کہ یہ سب میری وجہ سے ہوا۔ یہ کہ میں نے خود لڑکوں کو دعوت دی اور یہ کہ میں اخلاق بافتہ لڑکی ہوں۔‘

چند لڑکوں نے روز کو بتایا کہ ان کے والدین نے انھیں ان (روز) سے دور رہنے کا کہا ہے کیونکہ والدین کو خدشہ تھا کہ روز پہلے ان کے لڑکوں کو لبھائیں گی اور بعد میں ان پر ریپ کا الزام عائد کر دیں گی۔

وہ کہتی ہیں کہ لوگ عموماً متاثرہ فرد کو قصوروار گردانتے ہیں۔

روز نے بتایا کہ انھوں نے سنہ 2009 میں متعدد مرتبہ ’پورن ہب‘ انتظامیہ کو ای میلز کر کے درخواست کی کہ ان کی ویڈیوز کو ویب سائٹ سے ہٹایا جائے۔

’میں نے ای میلز میں گڑگڑا کر درخواست کی۔ میں نے ان سے التجا کی۔ میں نے لکھا کہ میں ایک نابالغ لڑکی ہوں جس پر یہ حملہ ہوا۔ برائے مہربانی ان ویڈیوز کو ہٹا دیں۔‘

ان ای میلز کا انھیں کوئی جواب نہیں ملا اور ویڈیوز بدستور ویب سائٹ پر موجود رہیں۔

وہ کہتی ہیں کہ ’اس کے ایک سال بعد میں اپنے ہی اندر کھو گئی۔ میں لاتعلق ہو گئی۔ مجھے کچھ محسوس نہ ہوتا۔ بےحس۔ میں بس خود تک محدود ہو گئی۔‘

انھیں ایسا لگتا کہ جو اجنبی بھی ان کو دیکھ رہا ہے اس نے ان کی ویڈیوز دیکھ رکھی ہیں۔ وہ سوچتیں کہ ’کیا میرا ریپ ان کے لیے سامانِ لذت ہے۔‘

وہ اپنے آپ کو دیکھنا بھی برداشت نہیں کر سکتی تھیں۔ اسی لیے انھوں نے اپنے گھر میں موجود تمام آئینوں کو کمبلوں سے ڈھک دیا تھا۔ وہ اندھیرے میں اپنے دانت صاف کرتیں اور نہاتیں، وہ ہر وقت یہ سوچتی رہتیں کہ ان کی ویڈیوز کون دیکھ رہا ہو گا۔

پھر انھیں ایک خیال سوجھا۔

انھوں نے ایک نیا ای میل ایڈریس بنایا جس میں انھوں نے اپنے آپ کو ایک وکیل ظاہر کیا تھا۔ اس ای میل سے انھوں نے ’پورن ہب‘ کو ایک ای میل کے ذریعے قانونی چارہ جوئی کی دھمکی دی۔

’48 گھنٹوں نے اندر اندر ویڈیوز ویب سائٹ سے ہٹا دی گئیں۔‘

چند ماہ بعد انھوں نے نفسیاتی مدد لینا شروع کی اور اپنے ماہر نفسیات کو حملہ آوروں کی شناخت بتا دی۔ ماہر نفسیات کی یہ ذمہ داری تھی کہ وہ اس کے بارے میں پولیس کو آگاہ کرے۔ مگر اب بھی روز نے نہ تو اپنے خاندان اور نہ ہی پولیس کو ویڈیوز کی بابت کچھ بتایا۔

پولیس نے روز اور ان کے خاندان کے افراد کے بیانات لیے۔ حملہ آوروں کے وکیل نے دلیل پیش کی روز نے اپنی مرضی سے سیکس کیا۔ اس دلیل کی بنا پر حملہ آوروں پر ریپ کرنے کے الزامات مسترد کر دیے گئے تاہم نابالغ بچی سے جنسی عمل کرنے پر انھیں سزائیں سنائی گئیں۔

روس اور ان کے خاندان کے پاس اتنے وسائل اور طاقت نہیں تھی کہ وہ حملہ آوروں کو سخت سزا دلوانے کے لیے مزید قانونی جنگ لڑیں۔

Ron Kalemba

یہ واضح ہے کہ روز کے والد رون کلیمبا، ، اس تمام عرصے میں یہ سوچتے رہے کہ ان کی بیٹی پر کیا بیتی۔ وہ سوچتے کہ ان کے پاس مزید معلومات ہوتیں تو وہ کیا مختلف کر سکتے تھے۔ ان کی بیٹی اس حملے کے بعد بدل گئی تھی۔ وہ کلاس میں ہمیشہ صف اول کی طالبہ تھی مگر اس واقعے کے بعد وہ سکول سے غیرحاضر رہنے لگی تھی اور اپنا ہوم ورک بھی نہیں کر پاتی تھی۔

ہم روز کے گھر کے نزدیک اس پارک میں گئے جہاں رون عموماً آتے ہیں۔ رون اور روز ایک پکنک بینچ پر بیٹھ کر اکثر اکھٹے بائبل پڑھتے ہیں۔ وہ ماضی کے متعلق زیادہ بات نہیں کرتے۔

رون کہتے ہیں کہ ’ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پوری دنیا نے اسے نیچا دکھانے کی کوشش کی۔ اس کی بے حرمتی، ایسا لگتا ہے کہ وہ ہر کسی کے لیے ایک بڑا مذاق تھی۔ اس (بےحرمتی) نے ان کی زندگی یکسر بدل کر رکھ دی، اور لوگوں نے زندگی کے ہر موڑ پر اسے مایوس کیا ہے۔‘

رون کو اپنی بیٹی کی ویڈیوز سے متعلق سنہ 2019 میں اس وقت معلوم ہوا جب روز کی جانب سے اس حوالے سے لکھا جانے والا ایک بلاگ وائرل ہوا۔ انھی اندازہ بھی نہیں تھا کہ ان کی بیٹی کا ریپ اتنے زیادہ لوگوں نے دیکھ رکھا تھا اور نہ یہ پتا تھا کہ اس کی بنا پر سکول میں اس کا مذاق اڑایا جاتا تھا۔

رون ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ ’جب میں سکول میں تھا تو مجھے آٹھویں کلاس کی ایک لڑکی کو جانتا تھا۔ لوگ اس کو مارتے تھے اور ہم میں سے کوئی بھی ان کو نہ روکتا ہم صرف ایسا ہوتا ہوئے دیکھتے تھے۔‘

’کئی سال بعد میں اس لڑکی سے ملا تو اس نے سوچا کہ میں بھی ان میں سے ایک ہوں کیونکہ میں وہاں کھڑا ہوتا اور ایسا ہوتا دیکھتا تھا۔ درحقیت مٹھی بھر لوگ ایسے تھے جو اسے تکلیف دیتے تھے مگر وہ سوچتی تھی کہ ہم سب اس کے مخالف ہیں کیونکہ ہم سب دیکھتے تھے مگر کہتے کچھ نہیں تھے۔ ہماری خاموشی کا اس کے لیے یہی مطلب تھا۔‘

کیا رون سوچتے ہیں کہ ایسا ہی ان کی بیٹی کے ساتھ بھی ہوا؟

’جی ہاں، یہ اس سے بھی بدتر تھا۔ اسے ڈیجیٹل ہجوم کا بھی سامنا تھا۔ ان میں سے چند خاموش تھے جبکہ چند ایذا پہچانے والے۔ آج کا زمانہ مختلف ہے۔‘

روس اور ان کے والد

Rose Kalemba
روس اپنے والد کی گود میں بیٹھی ہیں

آئندہ آنے والے چند برسوں میں روز اکثر ڈیجیٹل دنیا میں کھو جاتیں۔ انھوں نے لکھنا شروع کیا، وہ اپنا اظہار سوشل میڈیا اور بلاگز کے ذریعے کرتیں، بعض اوقات وہ فرضی نام اپناتیں اور بعض اوقات اپنا اصل نام۔

سنہ 2019 میں ایک روز جب وہ اپنی سوشل میڈیا فیڈ دیکھ رہی تھیں تو انھوں نے پورن ہب سے متعلق بہت سی پوسٹس دیکھیں۔ لوگ پورن ہب کی تعریف کر رہے تھے کیونکہ اس ویب سائٹ نے بہت سے خیراتی اداروں کو چندا فراہم کیا تھا، سننے کی صلاحیت سے محروم صارفین کے لیے کیپشنز کا اجرا کیا، گھریلو تشدد کا شکار افراد کے لیے کام کرنے والے اداروں کو مدد فراہم کی اور ٹیکنالوجی کی صنعت میں داخل ہونے والی خواتین کو 25 ہزار ڈالر کے وظائف دیے۔

پورن ہب کے مطابق سنہ 2019 میں 42 ارب صارفین نے ان کی ویب سائٹ کو دیکھا، صارفین کی یہ تعداد گذشتہ برس کے مقابلے میں 8.5 ارب زیادہ تھی۔ اس تعداد کا مطلب یہ ہے کہ ہر روز 115 ملین افراد ویب سائٹ پر آئے اور ہر سیکنڈ میں 1200 افراد نے اس ویب سائٹ کو سرچ کیا۔

روز کہتی ہیں کہ ’اگر آپ سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں تو یہ ناممکن ہے کہ پورن ہب سے دور رہ سکیں۔‘

اپنی وائرل بلاگ پوسٹ میں روس نے اپنے ریپ کے بارے میں تفصیلات بیان کیں اور بتایا کہ جب تک انھوں نے خود کو وکیل ظاہر نہیں کیا پورن ہب نے ان کی درخواستوں پر توجہ نہ دی۔ درجنوں خواتین اور مردوں نے اس پوسٹ پر ردعمل دیا اور کہا کہ ان کی فحش ویڈیوز بھی اس ویب سائٹ پر موجود تھیں۔

مزید پڑھنے کے لئے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیں


صفحات: 1 2 3

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp