ریپ کی ویڈیو پورن ہب سے ہٹوانے کے لیے روز کلیمبا کی جدوجہد کی کہانی
بی بی سی کو دیے گئے بیان میں پورن ہب کا کہنا ہے کہ ’یہ خوفناک الزامات سنہ 2009 کے ہیں، (یہ الزامات) موجودہ مالکان کے پورن ہب سنبھالنے سے برسوں پہلے کے ہیں، چنانچہ ہمارے پاس معلومات نہیں ہیں کہ اُس وقت اس مسئلے سے کیسے نمٹا گیا تھا۔ مالکان کی تبدیلی کے بعد سے غیر قانونی اور غیر مجاز مواد کی روک تھام کے لیے اس صنعت کے سب سے سخت حفاظتی اقدامات اور پالیسیاں اپنائی گئیں ہیں جو کہ بچوں کے جنسی استحصال سے نمٹنے کے ہمارے عزم کا حصہ ہیں۔
’کمپنی نے ووبائل، جدید ترین فنگر پرنٹس سافٹ ویئر کی کمپنی، کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں جو کہ ہر نئی اپ لوڈ ہونے والی ویڈیو کو سکین کرتی ہے تاکہ غیرمجاز مواد کو پکڑا جا سکے اور اس بات کو یقینی بنایا جا سکے اصل ویڈیو ویب سائٹ پر واپس نہ آ سکے۔‘
جب پورن ہب سے پوچھا گیا کہ آج بھی ان کی ویب سائٹس پر اس طرح کی ویڈیوز کیوں موجود ہیں جن کے عنوانات روس کے ریپ کے عنوانات سے ملتے جلتے ہیں (ایسے عنوانات جو ویڈیو کے پرتشدد ہونے کی دلیل دیتے ہیں) تو کمپنی کا کہنا تھا کہ ’ہم ہر اس جنسی عمل کے اظہار کی اجازت دیتے ہیں جو ہمارے استعمال کی شرائط کے مطابق ہوتا ہے، کچھ لوگوں کو یہ تصورات نامناسب لگ سکتے ہیں مگر دنیا بھر کے بہت سے دوسرے لوگوں کے لیے یہ پرکشش ہو سکتے ہیں اور یہ آزادی اظہار رائے کے مختلف قوانین کے عین مطابق ہیں۔‘
سنہ 2015 میں پورن ہب نے نامناسب مواد کی نشاندہی کے لیے ایک ٹیب متعارف کروایا تھا مگر اس کے باوجود جنسی استحصال کی ویڈیوز ویب سائٹ پر آتی رہی ہیں۔
گذشتہ برس اکتوبر میں فلوریڈا کے ایک 30 سالہ شخص، کرسٹوفر جانسن، کو ان الزامات کا سامنا تھا کہ انھوں نے ایک 15 سالہ لڑکی کا جنسی استحصال کیا اور اس کی ویڈیوز پورن ہب پر پوسٹ کر دیں۔
اس حوالے سے پورن ہب نے بی بی سی کو بتایا کہ ’پورن ہب کی پالیسی ہے کہ معلومات وصول ہوتے ہی غیرمجاز مواد کو اسی وقت ہٹا دیا جاتا ہے، اور ہم نے ایسا ہی اس معاملے میں بھی کیا تھا۔‘
سنہ 2019 میں پورن ہب نے ’گرلز ڈو پورن‘ نامی ایک ویب چینل اس وقت اپنی ویب سائٹ سے ہٹایا جب ایک 22 خواتین کمپنی کے خلاف یہ شکایت لے کر عدالت گئیں کہ انھیں ان ویڈیوز میں شامل ہونے پر مجبور کیا گیا تھا، اس چینل کے مالکان پر سیکس ٹریفکنگ کے الزامات ثابت ہو گئے تھے۔
روز کہتی ہیں کہ ’لوگ شاید کہیں کہ جو میرے ساتھ ایک دہائی قبل ہوا وہ آج کی حقیقت نہیں لیکن دراصل ایسا نہیں ہے۔ میرا بلاگ دیکھنے کے بعد خواتین نے مجھے بتایا ہے کہ اب بھی ایسا ہو رہا ہے اور یہ مغربی ممالک کی خواتین ہیں جنھیں انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہے‘۔
’مجھے یہ سمجھنے میں کوئی عار نہیں کہ دنیا کے دیگر حصے جیسے کہ مشرقِ وسطیٰ یا ایشیا جہاں لوگ بڑی تعداد میں فحش مواد دیکھتے ہیں، وہ علاقے ہیں جہاں ریپ کا شکار فرد کو شاید علم بھی نہ ہو اس پر پیش آنے والے واقعات شیئر کیے جا رہے ہیں۔‘
بی بی سی نے ایک ایسی خاتون سے بھی بات کی جس نے روز کو ای میل کی تھی۔ ان سے جنسی بدسلوکی کی ایک ویڈیو ان کی جانب سے متعدد ای میلز بھیجے جانے کے باوجود ایک چھوٹی ویب سائٹ پر برسوں موجود رہی تھی۔
کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی اس خاتون نے بتایا کہ یہ ویڈیو ڈاؤن لوڈ کر کے فحش مواد والی دیگر ویب سائٹس پر اپ لوڈ بھی کی گئی۔ اس ویب سائٹ کے وکلا نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے موکل کو اس قسم کے کسی واقعے کا علم نہیں۔
جب بی بی سی نے انھیں ویڈیو کا لنک اور مذکورہ خاتون کی جانب سے ویڈیو ہٹانے کی درخواست کے سکرین شاٹس فراہم کیے تو آنے والے دنوں میں وہ ویڈیو ہٹا دی گئی۔
فحش ویب سائٹس کی تحقیقات کرنے والے گروپ ’ناٹ یوئر پورن‘ سے تعلق رکھنے والی کیٹ آئزکس کا کہنا ہے کہ ’جو 2009 میں روز کے ساتھ ہوا وہ آج بھی صرف پورن ہب پر ہی نہیں بلکہ مفت فحش مواد فراہم کرنے والی کئی ویب سائٹس پر ہو رہا ہے۔
’ہم انفرادی سطح ہر بنائی جانے والی پورن سائٹس کا تو کچھ نہیں کر سکتے لیکن تجارتی مقاصد کے لیے بنائی گئی پورن ہب جیسی بڑی ویب سائٹس کو ذمہ دار ٹھہرائے جانے کی ضرورت ہے اور فی الوقت ایسا نہیں ہو رہا۔ ان پر کوئی قانون ہی لاگو نہیں ہوتا۔‘
’روینج پورنوگرافی‘ یا کسی سے بدلہ لینے کی غرض سے اس کی مرضی کے بغیر اس فرد کی عریاں تصاویر عام کرنا بھی جنسی بدسلوکی کے زمرے میں آتا ہے۔ انگلینڈ اور ویلز میں یہ 2015 سے ایک جرم ہے جس کی سزا دو برس قید ہے لیکن وہ پلیٹ فارم جہاں یہ مواد شیئر کیا جاتا ہے انھیں اس کے لیے ذمہ دار نہیں سمجھا جاتا۔
کیٹ آئزکس کا کہنا ہے ’پورن سائٹس جانتی ہیں کہ ان کے پلیٹ فارم پر ایسا مواد موجود ہے۔‘ انھوں نے ناٹ یوئر پورن کی بنیاد اس وقت رکھی جن ان کی دوست کی ایک سیکس ویڈیو پورن ہب پر لوڈ کی گئی۔ کیٹ کے مطابق چھ ماہ میں ان کے پاس برطانیہ سے 50 سے زیادہ خواتین آئیں جن کی سیکس ویڈیو ان کی اجازت کے بغیر فحش ویب سائٹس پر اپ لوڈ کی گئی تھیں۔ ان میں سے 30 ویڈیوز پورن ہب پر موجود تھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پورن ہب اور ایسی دیگر ویب سائٹس اپنے صارفین کو یہ ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت بھی دیتی ہیں سو اگر ویب سائٹ یہ ویڈیو ہٹا بھی دیتی ہے تو بھی اسے شیئر یا دوبارہ اپ لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
کیٹ کی کمپنی اب برطانیہ میں ایسے قوانین کی تیاری کے لیے کوشاں ہے جو بلااجازت سیکس کی ویڈیوز شیئر کرنے کو جرم قرار دیں۔
روز بھی مستقبل کے بارے میں پرامید ہیں۔ جب ان کی عمر 20 برس سے کچھ زیادہ تھی تو ان کی ملاقات اپنے بوائے فرینڈ رابرٹ سے ہوئی۔ ان کا کہنا ہے کہ رابرٹ کی مدد سے ہی وہ اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو قبول کرنے پر تیار ہوئیں۔ وہ پرامید ہی کہ رابرٹ اور وہ شادی کریں گے اور ایک بیٹی کے والدین بنیں گے۔
اس کے علاوہ ان کا ایک اور ساتھی پٹ بل نسل کا پالتو کتا بیلا بھی ہے۔
’میں نے ہمیشہ پٹ بل کتوں کو اپنے اردگرد پایا ہے۔ اگرچہ ان کی شہرت بہت جارحانہ جانور کی ہے لیکن درحقیقت وہ بہت اچھے ہوتے ہیں۔ اگر انسان ان سے بدسلوکی کرے تبھی وہ جارحانہ انداز اپناتے ہیں۔‘
وہ کہتی ہیں ’مجھے لگتا ہے کہ مجھے عمرقید سنائی گئی ہے۔ آج بھی جب میں خریداری کے لیے جاتی ہوں تو سوچنے لگتی ہوں کہ کیا اس اجنبی نے میری ویڈیو تو نہیں دیکھ رکھی۔‘
لیکن بس اب وہ اس بارے میں خاموش نہیں رہنا چاہتیں۔


