45 فیصد شوگرملوں کے مالکان پی ٹی آئی کے ارکان ہیں: خواجہ آصف
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور رکن اسمبلی خواجہ محمد آصف نے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی سے متعلق ارکان اسمبلی کی کمیٹی بنائی جائے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو چور کہنے والے اپنی بغل میں چور لے کر بیٹھے ہیں۔ حکومتی صفوں میں موجود ڈاکو اور چور حکومت کو لے بیٹھیں گے۔ ان ڈاکو اورچوروں کا پیٹ ہی نہیں بھرتا۔
انہوں نے کہا عوام کے حقوق کا تحفظ ہمارا بنیادی حق ہے اور مہنگائی عوام کا بنیادی مسئلہ ہے۔ مہنگائی میں دھکیل کر ارکان اسمبلی عوام کےساتھ بےوفائی کریں گے۔ لیگی رہنماخواجہ آصف نے تجویز دی کہ اسپیکر اسمبلی ایوان میں مہنگائی پر بحث کرائیں۔ خواجہ آصف نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی سے متعلق ارکان اسمبلی کی کمیٹی بنائی جائے جو ملک کو لوٹنے والوں کا تعین کرے۔ لیگی رہنما نے کہاکہ 45 فیصد شوگر ملز کے مالک پی ٹی آئی ارکان ہیں۔ معلوم کرنا چاہیے کہ چینی مہنگی کر کے کون اربوں روپے کما رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا زرداری اور نوازشریف کی شوگر ملز بند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کل چوروں اور ڈاکووَں کا ذکر کیا۔ کیا عمران خان کو اپوزیشن میں ہی چور اور ڈاکو نظر آتے ہیں؟


