کاشانہ یتیم خانہ اسکینڈل کے اہم راز جاننے والی اقرا کائنات کی پراسرار حالات میں موت


کاشانہ یتیم خانہ کے اہم راز جاننے والی نوجوان خاتون اقرا کائنات کی پراسرار موت نے کئی سوالات اٹھا دئیے۔ تفصیلات کے مطابق کاشانہ اسکینڈل میں ایک اور سنسنی خیز موڑ آ گیا ہے۔ بچیوں کے یتیم خانے کے اہم راز جاننے والی اقراء گذشتہ روز انتقال کر گئی۔ سابق سپراٹنڈنٹ افشاں لطیف نے بھی اس حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اقراء کو زبردستی ان کے خلاف انڈر ایج شادی کرنے کا بیان دینے پر مجبور کیا گیا۔ حالانکہ کہ اقراء کی شادی 22 سال کی عمر میں کرائی گئی۔ شادی کی تقریب میں 250 لوگ شریک تھے۔ 16 دسمبر 2019ء کو اقرا کائنات اپنے گھر سے غائب ہوئی جس کے بعد اس کے شوہر عابد اور سسرالیوں نے بھی رابطے منقطع کر لیے اور پھر اچانک خبر ملی کہ اقراء کی لاش ایدھی سرد خانے لائی گئی جس کی رجسٹریشن لاوارث کے طور پر کی گئی۔

افشاں لطیف کا کہنا تھا کہ اس لڑکی کے پاس تمام معلومات تھیں۔ اس طرح کاشانہ کی کئی بچیوں کی جانوں کو خطرہ ہے۔ افشاں لطیف نے یہ بھی درخواست کی ہے کہ اقراء کی لاش کو لاوارث قرار دے کر دفن نہ کی جائے بلکہ اس کے حوالے کر دی جائے۔

اس سے قبل افشاں لطیف کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ کاشانہ ویلفیئر ٹرسٹ کی ایک یتیم لڑکی جس کا نام اقراء کائنات ہے اس وقت بلقیس ایدھی فیمیل سنٹر گرین ٹاؤن میں انتہائی تشویشناک حالت میں موجود ہے۔ انھوں نے بتایا تھا اقراء کائنات کے شوہر نے بتایا ہے کہ اقراء کو اس کے سسرال سے اغوا کیا گیا اور دو ماہ تک اغوا کیے رکھا گیا۔ وہ بلقیس ایدھی سنٹر میں زندگی اور موت کی لڑائی لڑ رہی ہے۔ اگر اس کو بروقت طبی سہولیات نہ فراہم کی گئیں تو وہ جان کی بازی ہار جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اقراء کائنات کو کاشانہ سکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد اس کے سسرال سے سوشل ویلفیئر کے وزیر بشارت نے اٹھوایا اور چائلڈ پروٹیکشن سنٹر منتقل کر کے میرے خلاف استعمال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت وہ کاشانہ کی سابق سپراٹنڈنٹ کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک ماں کی حیثیت سے بات کر رہی ہیں۔  انھوں نے مطالبہ کیا تھا کہ مذکورہ لڑکی اقراء کو جلد از جلد سکیورٹی فراہم کر کے پتہ چلایا جائے کہ کس کے کہنے پر ان معصوم لڑکیوں کو غلط کاموں میں لگایا جاتا ہے؟ اب اس لڑکی کے بارے میں افشاں لطیف نے بتایا کہ وہ اپنی جان کی بازی ہار گئی ہے۔

کاشانہ ہاؤس سے بیاہی جانے والی اقرا کائنات کی پُراسرار موت کے بارے میں متضاد اطلاعات

افتخار نعیم ہاشمی کا کالم: کاشانہ سکینڈل کی بے بس کائنات ختم کر دی گئی


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments