کاشانہ ہاؤس سے بیاہی جانے والی اقرا کائنات کی پُراسرار موت کے بارے میں متضاد اطلاعات


لاہور کے کاشانہ ہاؤس سے بیاہ کر جانے والی کائنات دو روز قبل ایدھی سینٹر میں پراسرار طور پر انتقال کر گئی تھی۔ اس کی نوجوان عابد حسین سے جون 2019 میں شادی ہوئی تھی، کاشانہ کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف کا کہنا ہے کہ یہ شادی کائنات کی پسند سے ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق کائنات کی شادی کے ایک ماہ بعد ہی گھریلو ناچاقی شروع ہو گئی تھی، اسی پریشانی میں اس نے 29 جولائی 2019 کو مبینہ طور پر بلیچ پی لیا تھا، اسے اسپتال پہنچایا گیا۔ کائنات کی جانب سے بلیچ پینے اور شوہر کے ساتھ نہ رہنے کا بیان تھانہ باغبانپورہ میں درج ہے۔

پولیس کے مطابق ایک مرتبہ پھر طبعیت خراب ہونے پر کائنات کو 4 فروری کو گنگا رام اسپتال لایا گیا تھا۔ طبی امداد کے بعد اسے واپس ایدھی سینٹر ٹاؤن شپ بھجوا دیا گیا جہاں وہ پانچ فروری کو انتقال کر گئی۔

پولیس کے مطابق کائنات گنگا رام اسپتال سے چائلڈ پروٹیکشن بیورو بھی گئی، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کے مطابق کائنات کو داخل نہیں کیا گیا اور دروازے سے ہی سروسز اسپتال بھجوا دیا گیا جہاں سے وہ ایدھی سینٹر واپس چلی گئی۔

پولیس کے مطابق کائنات کے شوہر کی درخواست پر پوسٹ مارٹم کرا لیا گیا ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی وجہ سامنے آئے گی۔

دوسری جانب کاشانہ کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف کا کہنا ہے کہ کائنات کی شادی انہوں نے کرائی تھی اور یہ شادی کائنات کی پسند سے ہوئی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کاشانہ میں لڑکیوں کے غلط استعمال کی جو شکایات کی تھیں، کائنات بھی اس کی اہم گواہ تھی اور میں کہتی رہی ہوں کہ لڑکی کی پروٹیکشن ہونی چاہیے۔ افشاں لطیف کا کہنا تھا کہ انہیں بھی یہی بتایا گیا کہ کائنات نے بلیچ پی لیا تھا۔

پولیس کی طرف سے پیش کی گئی دستاویزات میں پوسٹ مارٹم کی درخواست کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ موت کی وجہ واضح نہیں ہے۔

کاشانہ یتیم خانہ اسکینڈل کے اہم راز جاننے والی اقرا کائنات کی پراسرار حالات میں موت


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments