قائد آباد میں بھائی نے غیرت کے نام پر سگی بہن اور اپنے قریبی دوست کو قتل کر دیا


قائدآباد میں بھائی نے غیرت کے نام پر فائرنگ کر کے سگی بہن اور اپنے قریبی دوست کی زندگی تمام کر دی۔ گھریلو ملازمہ شدید زخمی ہے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل قائدآباد کے نواحی موضع اوکھلی موہلہ کے رہائشی محمد آصف کے بیٹے محمد عمیر اور محمد سلیم قریبی دوست تھے اور ایک دوسرے کے گھر میں آنا جانا بھی تھا۔ گذشتہ شب سلیم اپنے دوست عمیر کے گھر گیا اور رات کو وہیں پر سو گیا۔

عمیر کوشبہ تھا کہ سلیم کے اُس کی ہمشیرہ مسماۃ (ش) کے ساتھ ناجائز مراسم ہیں، رات کے وقت عمیر کی اچانک آنکھ کھل گئی تو اپنی بہن کو باہر صحن میں سلیم کے ساتھ دیکھ کر مشتعل ہو گیا اور بہن پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید مضروب ہوگئی، سلیم مسماۃ (ش) کو بچانے کے لئے آگے بڑھا تو عمیر نے سلیم پر اندھا دھند فائرنگ کر کے اُسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ فائرنگ کی زد میں آتے ہوئے گھریلو ملازمہ مسمات (ن)بھی زخمی ہو گئی۔ دونوں شدید زخمی خواتین کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال قائدآباد لایا جارہا تھا کہ مسمات (ش) راستہ ہی میں جاں بحق ہو گئی، ملازمہ کو ٹی ایچ کیو میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم کومقتول سلیم کے ساتھ اپنی ہمشیرہ کے ناجائزتعلقات کا رنج تھا۔ مقتولین کے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا۔ پولیس تھانہ قائد آباد ملزم عمیر کے خلاف مقدمہ درج کرکے مصروف تفتیش ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments