تحریک انصاف  پاکستان کی امیر ترین سیاسی جماعت ہے: الیکشن کمیشن


الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملکی سیاسی جماعتوں کی آمدن اور اخراجات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں جس کے مطابق حکمران جماعت تحریک انصاف سیاسی جماعتوں میں سب سے زیادہ امیر ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے مالی سال 2018-19 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں جس میں بتایا گیا ہے کہ 125 سے زیادہ رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں میں سے 82 نے تفصیلات جمع کرائیں۔ اعداد و شمار کے مطابق تحریک انصاف نے 22 کروڑ 53 لاکھ مالیت کے اثاثے ظاہر کیے۔ تحریک انصاف کے اثاثوں میں گزشتہ 1 سال کے دوران 9 کروڑ روپے کی کمی ہوئی اور اخراجات آمدن سے زائد ہوئے۔

ایک سال میں تحریک انصاف نے 50 کروڑ 87 لاکھ سے زیادہ اخراجات کیے جب کہ پی ٹی آئی کو 47 کروڑ روپے کے فنڈز موصول ہوئے۔ پی ٹی آئی کو امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا سے سمندر پار پاکستانیوں نے 11 کروڑ روپے کے فنڈز بھیجے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے پاس 16 کروڑ روپے کا بینک بیلنس اور 70 لاکھ 16 ہزار روپے مالیت کے اثاثے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کو 1 کروڑ 35 لاکھ روپے کی آمدن ہوئی جب کہ اخراجات 2 کروڑ روپے سے زائد رہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ ن کے اخراجات بھی بھی آمدنی سے زائد رہے۔ مسلم لیگ ن کی آمدن 1 کروڑ 55 لاکھ روپے رہی جب کہ 20 کروڑ روپے کے اخراجات ہوئے۔ مسلم لیگ ن کے اثاثوں کی مالیت 8 کروڑ 17 لاکھ روپے ہے۔

شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ غریب ترین سیاسی جماعت ہے جس کے اکاؤنٹ میں صرف ڈھائی لاکھ روپے ہیں جب کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے پاس 2 لاکھ 31 ہزار روپے کا بینک بیلنس ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments