خاتون صحافی گل بخاری کو وفاقی تحقیقاتی ادارے کے انسداد دہشت گردی وِنگ کا نوٹس
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کاؤنٹر ٹیریزم ونگ نے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ گل بخاری کو ملک دشمن عناصر کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے اشتعال انگیزی پھیلانے کے الزام میں نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ماہ کے اندر پیش ہونے کا کہا ہے۔
اس نوٹس کےمطابق بصورت دیگر ان کے خلاف سائبر کرائم اور انسداد دہشتگردی کے مقدمات قائم کیےجا سکتے ہیں۔
ایف آئی اے نے گل بخاری پر بیرون ملک بیٹھ کر حکومت اور اداروں کے خلاف اشتعال انگیز پروپیگنڈہ کرنے اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے نے گل بخاری کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ 30 دن میں کاؤنٹر ٹیریزم ونگ کے سامنے پیش نہ ہوئیں تو پھر ان کی ملک واپسی اور انٹرپول کے زریعے گرفتاری کے لیے بھی قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔
گل بخاری اپنی ٹویٹس اور ٹی وی پروگرامز میں تجزیوں کے دوران پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ پر تنقید کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
ایف آئی اے کی پریس ریلیز کے مطابق ’ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیریزم ونگ نے ملک دشمن عناصر جو کہ قومی سلامتی اداروں، عدلیہ اور حکومت مخالف اشتعال انگیز پروپیگنڈے میں ملوث ہیں، کے خلاف 35 انکوائریاں شروع کی ہیں جس میں سے بیشتر کا تعلق سائبر ٹیریزم سے ہے۔ ان میں اہم تحقیقات بی ایل اے، حقانی نیٹ ورک کے علاوہ جو عناصر بیرون ملک بیٹھ کر اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تحقیقات کر رہا ہے۔۔۔‘
ایف آئی اے نے گل بخاری کا راولپنڈی کے گھر کا ایڈریس پریس ریلیز میں درج کرتے ہوئے انھیں بھی ’دہشتگردوں‘ اور ’ملک دشمن‘ عناصر کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ واضح رہے کہ گل بخاری اس وقت لندن میں مقیم ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کالم نگار گل بخاری کو لاہور میں اغوا کیے جانے کے چند گھنٹوں بعد رہا کر دیا گیا تھا۔ گل بخاری کو لاہور میں نامعلوم افراد نے رات گیارہ بجے کے قریب اس وقت اغوا کر لیا تھا جب وہ پروگرام کرنے کے لیے وقت ٹی وی کے دفتر جا رہی تھیں۔
کچھ عرصہ قبل فوج کے ترجمان (میجر جنرل آصف غفور) نے مختلف صحافیوں اور سوشل میڈیا پر سرگرم افراد کی تصاویر پر مشتمل ایک سلائیڈ دکھائی تھی اور کہا تھا کہ یہ لوگ ٹوئٹر پر غیر ریاستی پراپیگنڈے میں مصروف ہیں۔
فوج کے ترجمان کے اس دعوے کے بعد پاکستان میں صحافیوں کی تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ نے پاکستانی فوج کی جانب سے صحافیوں پر عائد کیے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انھیں بے بنیاد اور غیر ضروری قرار دیا تھا۔
اس سلسلے میں پاکستانی صحافیوں کی تنظیم کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں فوج سے مطالبہ کیا تھا کہ صحافیوں کو ‘غیر ریاستی عناصر’ قرار دینے پر مبنی بیان واپس لیا جائے۔
بیان میں آزادی اظہار رائے کے بارے میں آئین کی شق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’کوئی کسی کی مخصوص بیان، تبصرے اور رائے سے اختلاف کا حق رکھتا ہے لیکن اسے غیر محب وطن کام قرار نہیں دیا جا سکتا اور یہ قومی سلامتی کے ایک ادارے کی جانب سے ایک غیر معمولی اقدام ہے۔‘
تنظیم کا کہنا ہے کہ ماضی میں اس طرح کی الزام تراشی سے قومی مفاد اور سلامتی کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ چکا ہے۔
حالیہ برسوں میں پاکستان میں صحافیوں پر ریاستی اداروں کی جانب سے تشدد کے الزامات تو سامنے آتے رہے ہیں لیکن صحافتی تنظیموں نے ریاستی اداروں خصوصاً پاکستانی فوج کے خلاف اس طرح کے بیانات جاری نہیں کیے ہیں۔


