صورتحال بدل گئی : شہباز شریف کو واپسی کا ”گرین سگنل“ چوہدری نثار دیں گے


باخبر ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (نواز) کے ناراض ”مریم مخالف“ رہنما چوہدری نثار علی خاں مقتدر قوتوں کا اھم پیغام لے کر لندن گئے ہیں جبکہ ”شریف فیملی“ نے شہباز شریف کی پاکستان واپسی کا ٹائم فریم چوہدری نثار علی خاں کی ”ایڈوائس“ کے ساتھ مشروط کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر داخلہ نے مکمل ”ہوم ورک“ کے بعد لندن کے لئے اڑان بھری ہے، حالیہ دنوں میں چوہدری نثار علی خاں کی پاکستان میں مقتدر قوتوں کے نمائندوں کے ساتھ متعدد ملاقاتیں ہوئی ہیں جن میں مقتدر حلقوں کی اھم شخصیات کی طرف سے سابق وزیر داخلہ کو ملک کی سیاسی صورتحال اور سیاسی تبدیلی کے امکانات کی بابت مکمل بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار علی خاں پاکستان میں ”پاور بروکرز“ کے ساتھ متعدد ملاقاتوں میں ہونے والے اپنی تفصیلی گفت و شنید سے لندن میں شریف برادران کو بریف کریں گے اور پھر مقتدر حلقوں کے اسی اھم پیغام کی روشنی میں ملکی سیاست میں شریف خاندان کے آئندہ کردار اور شہباز شریف کی وطن واپسی کے لئے موزوں وقت کا فیصلہ کیا جائے گا

ادھر لندن میں سوموار کو نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان 2 گھنٹے طویل ون آن ون ملاقات میں اھم صلاح مشورہ ہوا جبکہ پارٹی پالیسی اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے خاصی بحث و تکرار بھی ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملاقات کے آخر میں نواز شریف نے برہمی کے ساتھ شہبازشریف کو فی الفور پاکستان چلے جانے کی ہدایت کی جس پر شہباز شریف نے 2 دن میں پاکستان واپسی کا عندیہ دے دیا اور مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے یہاں بیان دے دیا کہ شہباز شریف 2 دن میں واپس آرہے ہیں، جس کی 2 گھنٹے بعد ہی سینئر پارٹی رہنما رانا تنویر حسین کو تردید کرنا پڑی

ذرائع کے مطابق پاکستان میں شریف فیملی کے حوالے سے صورتحال ایک بار پھر تبدیل ہوگئی ہے، جو ذرائع کے مطابق لمحہ بہ لمحہ بدل رہی ہے، نہ صرف ایک روز قبل حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت مسترد ہوگئی ہے بلکہ ایک طرف جہاں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف کرپشن کے الزام میں نیب ریفرنس دائر کرنے کی گزشتہ روز باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے وہیں دوسری طرف نواز شریف، شہبازشریف کو منشاء فیملی کی مبینہ منی لانڈرنگ کے مقدمے میں بطور ملزمان نامزد کیے جانے کا امکان ہے

نئی صورتحال میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی واپسی ایک بار پھر مؤخر ہوگئی دکھائی دیتی ہے، ذرائع کا خیال ہے کہ کم از کم اپنے سب سے بڑے ہم خیال دوست چوہدری نثار علی خاں کے لندن میں قیام تک شہبازشریف کی پاکستان واپسی کا کوئی امکان نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی پاکستان واپسی کا حتمی ٹائم فریم چوہدری نثار کے ساتھ ضروری مشاورت کی روشنی میں ہی طے کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق چوہدری نثار کی پہلے شہبازشریف سے علیحدگی میں طویل ملاقات کا امکان ہے جس میں پاکستان میں سیاسی صُورتحال پر تفصیلی بحث مباحثہ ہوگا، بعد میں شہباز شریف چوہدری نثار کی پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کروائیں گے اورشریف برادران سے ان اھم ملاقاتوں ہی میں چوہدری نثار کی پارٹی میں واپسی کا باضابطہ فیصلہ ہوگا اور پارٹی میں ان کی نئی ذمہ داری کے تعین کے ساتھ ساتھ یہ طے کیا جائے گا کہ موجودہ حالات میں انہیں ملکی سیاست میں کیا کردار ادا کرنا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments