نواز شریف چوہدری نثار کو معاف کرنے پر تیار نہیں، انہیں پی ٹی آئی جوائن کر لینی چاہئیے: ہارون الرشید
سینئر صحافی ہارون الرشید کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار علی خان کا لندن جانا کسی مصالحت سے کم نہیں لیکن میں کہتا ہوں کہ چوہدری نثار کا مستقبل اب ن لیگ میں نہیں، پاکستان تحریک انصاف میں ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار اس وقت لندن میں موجود ہیں، ان کی لندن روانگی سے قبل ہی شریف برادران اور چوہدری نثار کے مابین ممکنہ ملاقات کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ تاہم چوہدری نثار اپنے دورے کو غیر سیاسی قرار دے دیا تھا۔
اسی حوالے سے ہارون الرشید نے کہا کہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ میں تو لندن میں اپنا علاج کروانے کے لیے آیا ہوں لیکن اس سے پہلے تو وہ علاج کروانے کے لیے کبھی نہیں گئے۔ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ چوہدری نثار کی صلح ہو جائے لیکن میں پہلے بھی یہی کہتا تھا اور اب بھی یہی کہتا ہوں کہ چوہدری نثار کو پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ ہو جانا چاہئیے۔ اس وقت وہ دل و دماغ سے کسی کے ساتھ بھی نہیں ہیں۔
چوہدری نثار نواز شریف پر بہت تنقید کر چکے ہیں لیکن نواز شریف سے ملاقات مشکل لگتی ہے کیونکہ نواز شریف معاف کرنے والوں میں سے نہیں۔ یہ ممکن ہے کہ چوہدری نثار اور شہباز شریف کی تنہائی میں ملاقات ہو جائے۔ واضح رہے کہ لندن پہنچنے پر سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے نواز شریف سے ملنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف بیمار ہیں تو میں بھی بیمار ہوں،پہلے میری تیمارداری کے لیے آئیں۔
نہ صرف چوہدری نثار نے نوازشریف سے ملاقات سے انکار کیا ہے بلکہ نواز شریف بھی چوہدری نثار سے ملاقات کے لیے راضی نہیں ہیں۔


