شہبازشریف کی مسلم لیگ (ن) میں کوئی حیثیت نہیں: چودھری شجاعت حسین


مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ شہبازشریف کی پارٹی میں کوئی حیثیت نہیں۔ ن لیگ کو ووٹ نوازشریف کی وجہ سے ملتا ہے۔ اختلافات تمیز کے دائرے میں ہونے چاہئیں۔ پگڑیاں نہ اچھالی جائیں۔ انہوں نے جدہ میں مسلم لیگ (ق) سعودی عرب کے عہدے داران چوہدری اظہر وڑائچ اور سفیان گجر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نعیم الحق کی وفات سے عمران خان کے کندھوں پر حکومتی ذمہ داریاں پہلے سے بڑھ گئی ہیں۔ مسلم لیگ ق کا پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد قائم کرنے میں سب سے زیادہ کردار نعیم الحق کا تھا۔ ہمیں امید ہے عمران خان نعیم الحق سے کئے گئے وعدے اب پورے کریں گے۔

حکومت چلانے اور پارٹی بنانے میں نعیم الحق کا سب سے زیادہ کردار تھا۔ اس وقت پاکستان کی معاشی صورت حال بہت خراب ہو چکی ہے اور ہمارے مثبت مشوروں کو وزیر اعظم عمران خان حکومت پر تنقید سمجھتے ہیں۔ اس وقت سب کو مل کر ملک کا سوچنا ہے۔ اگر ملکی صورت حال یہی رہی تو تین ماہ بعد کوئی پاکستان کا وزیر اعظم بننے کو بھی تیار نہیں ہو گا۔ اتحاد میں شامل فسادیے نہ جانے وزیر اعظم کو کیا رپورٹ دیتے ہیں۔ ملک میں آٹے اور چینی کے بحران کی وجہ حکومت کی ناقص پالیسیاں ہیں۔ جب ہماری اپنی ضرورت نہیں پوری ہو رہی تو ہم کیوں چیزیں ایکسپورٹ کرتے ہیں۔

ن لیگ سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا ملک میں واپس آنا نہ آنا برابر ہے۔ کیونکہ ان کی سیاست میں کوئی حیثیت نہیں ہے۔ پارٹی کو ووٹ نوازشریف کی وجہ سے ملتا ہے۔ شہباز شریف کی کوئی حیثیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں ملک کے خلاف بولنے والوں اور تمیز کی حدیں پار کرنے والوں کی رکنیت معطل کی جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments