مشیراطلاعات باجی بدزبان اپنے الفاظ کا چناؤ درست کریں: رانا ثناءاللہ


مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مشیر اطلاعات باجی بدزبان اپنے الفاظ کا چناؤ درست کریں۔ ہم نے کچھ کہہ دیا توحلقے میں نہیں جا سکیں گی۔ ہم آپ کے لئے باعزت الفاظ استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ درخواست ہے کہ اپنی ٹیں ٹیں بند کریں۔ انہوں نے آج یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مشیر اطلاعات باجی بدزبان ہوکر ٹی وی پر نمودار ہو جاتی ہیں، اس کے بعد ٹیں ٹیں شروع کردیتی ہیں۔ انہیں اور تو کوئی بات آتی نہیں۔ میری ان سے درخواست ہے کہ آپ معزز خاتون ہیں، ہم آپ کیلئے باعزت الفاظ استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ آپ کو چاہیے ہماری لیڈرشپ سے متعلق اپنے الفاظ کا چناؤ بہتر کریں، یہ جو آپ ٹیں ٹیں کرتی رہتی ہیں، اگر اس قسم کے الفاظ ہم نے ادا کر دیے تو پھر آپ کے گلی محلے اور حلقے میں لوگ آپ پر آوازیں کسنا شروع کردیں گے۔

انہوں نے اویس لغاری ، عظمیٰ بخاری ، عطا اللہ تارڑ اوردیگر کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم لاہور آئے تو سیف سٹی پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ عمران خان نے انصاف صحت کارڈ تقسیم کئے لیکن یہ تو ہمارے ہی منصوبے ہیں۔ کیا انصاف کارڈ وہی منصوبہ نہیں جسے ہم نے پاکستان صحت کارڈ کے نام سے شروع کیا تھا۔ پاکستان صحت کارڈ کا نام تبدیل کر کے نئے سرے سے صحت کارڈ کا افتتاح کر دیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو ڈانٹا کہ آپ اپنے اچھے کاموں کی تشہیر کیوں نہیں کرتے اس منصوبے پر آ پ کو عوام کو بتانا چاہیے۔ اب عثمان بزدار پریس کانفرنس کر کے کیا یہ بتاتے کہ سیف سٹی پراجیکٹ کب اور کس نے شروع کیا؟ سیف سٹی پراجیکٹ 16ارب روپے کا منصوبہ ہے اور شہباز شریف نے غیر ملکی کمپنی سے 4 ارب روپے کی رعایت لی۔ سیف سٹی کی اٹھارہ ماہ میں تکمیل ہوئی اوراس میں آٹھ ہزار جدید کیمرے لگائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور کے منصوبوں میں اگر کوئی کرپشن ہو ئی ہے تو قوم کو بتائیں وگرنہ گھٹیا اور توہین آمیز الفاظ کا استعمال بند ہونا چاہیے ،اگر یہ نہیں رکے گا تو سیاست میں عزت نہیں رہے گی ،جھوٹ کی آمیزش سے ہمیں لوگوں کی نظروں میں گرانے کی کوشش کرتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments