چوہدری نثار کی نواز شریف سے ملاقات کی حتمی کوشش بھی ناکام


نجی ٹی وی سماء نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ لندن میں موجود چوہدری نثار علی خان کی سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات کی ایک اور کوشش ناکام ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق چوہدری نثار کے ایک قریبی عزیز نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے رابطہ کیا اور کہا کہ چوہدری نثار اس وقت لندن میں ہیں اس لیے انہیں منا لیا جائے اور ان کی میاں نواز شریف سے ملاقات کرادی جائے۔ چوہدری نثار کے عزیز نے اسحاق ڈار سے یہ بھی کہا کہ اس مشورے کے حوالے سے ان کا نام بیچ میں نہیں آنا چاہیے بلکہ اسحاق ڈار اپنے طور پر یہ کام کریں ۔

ذرائع نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے چوہدری نثار کی میاں نواز شریف سے ملاقات کے امکان کو رد کردیا اور کہا کہ وہ میاں صاحب کی مرضی جانتے ہیں اس لیے یہ ملاقات نہیں ہوسکتی۔

ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اسحاق ڈار کو اس بات پر بہت حیرت ہوئی کہ آخر چوہدری نثار کاقریبی عزیز اپنا نام بیچ میں کیوں نہیں آنے دینا چاہتا، انہوں نے یہ بات نواز شریف کو بتائی تو انہوں نے بھی اس پر حیرانی کا اظہار کیا۔

نجی ٹی وی نے شریف خاندان کے ذرائع کے حوالے سے مزید دعویٰ کیا کہ چوہدری نثار پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لئے کوششیں کر رہے ہیں، وہ پہلے بھی ناراض ہو کر اسی قسم کا طریقہ کار اپنایا کرتے تھے لیکن اب معاملات بہت زیادہ خراب ہو چکے ہیں۔

Facebook Comments HS