طالبان کے مقتول رہنما ملا منصور کی کراچی میں پلاٹ، فلیٹ اور رہائشی عمارتوں سمیت جائیدادوں کا انکشاف


افغان طالبان کے مقتول امیر ملا منصور کی کراچی میں پلاٹس، فلیٹس اور دیگر رہائشی جائیدادوں کا انکشاف ہوا ہے۔ عدالت نے ملا منصور کی جائیداد کو نیلام کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ملا منصور کو مئی 2016 میں پاک افغان سرحدی علاقے میں ایک ڈرون حملے میں ہلاک کیا گیا تھا۔ افغان طالبان کے بانی ملا عمر کے جولائی 2015 میں انتقال کی تصدیق کے بعد ملا منصور کو طالبان کا امیر مقررکیا گیا تھا اور وہ تقریباً 10 ماہ کی مختصر مدت کے لیے ہی طالبان کے سربراہ رہے.

بدھ کے روز انسدادہشت گردی عدالت میں ایف اے ٹی ایف کی جانب سے دہشت گردوں کی معالی معاونت روکنے کے معاملے پر سماعت ہوئی جس میں بتایا گیا کہ حساس اداروں نے دہشت گرد اور ان کی معاونت کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کئے اور تحقیقاتی اداروں نے افغان طالبان کے سابق امیر ملا منصور کی کراچی میں جائیداد کا پتہ لگا لیا ہے۔ افغان طالبان کے سربراہ ملا منصور اور ان کے فرنٹ مینوں کے خلاف جعل سازی کیس کا حتمی چالان عدالت میں پیش کیا گیا جس میں ملا منصور کے مختلف علاقوں میں پلاٹس، فلیٹس اور دیگر رہائشی جائیدادوں کا انکشاف ہوا.

ایف آئی اے نے بتایا کہ افغان طالبان کے سربراہ ملا منصور نے دو جعلی شناختی کارڈ محمد ولی اور گل محمد کے نام سے بنا رکھے تھے۔ ملا منصور کی تمام جائیداد کو سیل کر دیا ہے۔ وہ اپنے فرنٹ مین عمار اور اختر کے ذریعے کاروبار کرتا تھا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملا منصور وغیرہ کے خلاف جعلسازی کا مقدمہ درج کیا گیا۔ ملا منصور امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہو گیا جبکہ عمار اور اختر مفرور ہیں.

واضح رہے کہ ملا منصور کی ہلاکت کے بعد یہ انکشاف بھی سامنے آیا تھا کہ طالبان سربراہ ملا اختر منصور کو محمد ولی ولد شاہ محمد کے نام کا شناختی کارڈ جاری ہوا تھا جس کے بعد نادرا کے کئی اہلکاروں کو برطرف کر دیا گیا تھا. ملا منصور کے پاس پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ تھا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے نے اعداد و شمار کی تصدیق کے لئے نادرا کو شناختی کارڈ نمبر فراہم کیا۔ یہ کارڈ محمد ولی ولد شاہ محمد نامی شخص کو کراچی سے جاری کیا گیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments