بلاول بھٹو نے اعلیٰ ججز کی جاسوسی پر وزیر اعظم سے استعفیٰ مانگ لیا
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سپریم کورٹ کے ججز کی جاسوسی کا معاملہ سامنے آنے پر وزیر اعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کی جاسوسی کرنے کا جواب دے۔ ایک وزیراعظم کو خط نہ لکھنے پر اگر گھر بھیجا سکتا ہے تو موجودہ وزیراعظم سے استعفیٰ کیوں نہیں لیا جا سکتا؟
انہوں نے آج لاہور میں رہنما پی پی بیگم بیلم حسنین کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اٹارنی جنرل کے استعفے کے بعد جو بات سامنے آئی ہے، اس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ حکومت عدلیہ کی آزادی پر حملہ کر رہی ہے۔ حکومت عوام کو بتائے کہ کیا چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے ججز کی جاسوسی کی جا رہی ہے۔ حکومت کو جواب دینا پڑے گا، یہ آزاد عدلیہ پر سنگین حملہ ہے۔ اگر معیشت کو درست کرنا ہے تو پہلے نا اہل، نالائق اور سلیکٹڈ کو فارغ کرنا پڑے گا پھر ہی معیشت کو سنبھالا جا سکے گا۔


