راولپنڈی میں کئی مہینوں تک مبینہ اجتماعی زیادتی کا شکار بننے والی کمسن لڑکی نے بچی کو جنم دے دیا
راولپنڈی میں مبینہ اجتماعی زیادتی کا شکار 14 سالہ لڑکی کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے لڑکی کے باپ کی شکایت پر چار افراد کو جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کر رکھا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پیٹ میں درد کی شکایت پر بچی کو اسپتال لے جایا گیا تو معلوم ہوا کہ لڑکی حاملہ ہے۔
تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق چار افراد 14 سالہ لڑکی کے ساتھ کئی مہینوں تک اجتماعی زیادتی کرتے رہے۔ ملزمان کی عمریں 15 سال، 20 سال، 22 سال اور 56 سال ہیں۔ 14 سالہ لڑکی کے ساتھ زیادتی کرنے والے 56 سالہ شخص کے اپنے بھی چار بچے ہیں۔
لڑکی کی دیکھ بھال کرنے والے سماجی کارکن ابراہیم بٹ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے مارچ کے دوسرے ہفتے میں لڑکی کی ڈلیوری کی تاریخ دی تھی لیکن اچانک طبیعت خراب ہونے پر اسے ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ لڑکی کے ہاں بچی کی ولادت ہوئی ہے۔ ڈاکٹر نے بچی اور ماں دونوں کی صحت تسلی بخش قرار دے دیا۔
چاروں ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد آج جیل بھیجا گیا ہے۔ پولیس کی تفتیش میں چاروں ملزمان قصوروار پائے گئے ہیں اور انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا ہے۔ چاروں ملزمان اور لڑکی کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونہ جات فرانزک لیب بھجوا دیے گئے ہیں۔ ریپ کی شکار لڑکی کی والدہ حیات نہیں ہے جبکہ والد ایک معمولی سرکاری ملازم ہیں۔


