خاتون اول بشریٰ بی بی کی پاکپتن دربار آمد: غفلت برتنے پر 12 ملازمین ضلع بدر، 28 افسران اور ملازمین کا تبادلہ


خاتون اول بشریٰ بی بی کی دربارحضرت بابا فرید الدین پر اچانک حاضری سے درجنوں سرکاری ملازمین پر قیامت گزر گئی۔ غفلت برتنے پر 12 ملازمین کو ضلع بدر کر دیا گیا۔ 28 کے قریب اوقاف افسران اور ملازمین بھی تبادلوں کی زد میں آگئے۔ دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے دربار حضرت بابا فرید الدین پر اچانک حاضری دی۔ فرائض سے غفلت برتنے پر ایڈ منسٹریٹر اوقاف طارق علی رانا اور مینجر اوقاف ذیشان نسیم او ایس ڈی بنا دئیے گئے ہیں جب کہ دربار بابا فرید پر ڈیوٹی پر مامور نگران اور نائب قاصدوں سمیت 12 ملازمین ضلع بدر کر دیے گئے ہیں۔ جن کو لاہور سمیت دور دراز کے اضلاع میں ٹرانسفر کیا گیا ہے اور ان کی جگہ پنجاب بھر کے دیگر اضلاع سے اوقاف ملازمین کو پاکپتن ٹرانسفر کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے آرڈر چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف لاہور گلزار حسین شاہ نے جاری کیے۔ ملتان سے ضیا المصطفیٰ کو پاکپتن ٹرانسفر کر کے دربار حضرت بابا فرید کا نیا ایڈ منسٹریٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔ لاہور سے بشیر احمد کو ٹرانسفر کر کے مینجر اوقاف پاکپتن تعینات کیا گیا ہے۔

اس طرح 28 کے قریب اوقاف افسران اور ملازمین کے تبادلے کئے گئے ہیں۔ ترجمان اوقاف کا کہنا ہے کہ عملے کی تبدیلی میں بشریٰ بی بی کی مزار آمد کا کوئی کردار نہیں۔ مزار پر تعینات عملہ کو تین سال سے زائد کا عرصہ ہو گیا تھا جس پر تبدیل کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان حکومت میں آنے سے قبل یہ دعوے کرتے رہے ہیں کہ ہماری حکومت آنے کے بعد کسی بھی شخصیت کو پروٹوکول نہیں دیا جائے گا۔ تاہم اخباری اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ نے دربار حضرت بابا فرید الدین پر حاضری دی اور اس دوران غفلت برتنے پر کئی ملازمین کے ٹرانسفر کیے گئے۔ ترجمان اوقاف نے ایسی خبروں کی تردید کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments