مہاتیر محمد کا استعفے کا اعلان


ملائیشیا کے 95 سالہ وزیراعظم مہاتیر محمد نے اعلان کیا ہے کہ وہ نومبر میں استعفا دے سکتے ہیں، کہا جا رہا ہے کہ ان کے بعد 72 سالہ انور ابراہیم وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالیں گے۔ کسی ایک شخص کی سبکدوشی کے بعد کسی دوسرے شخص کا عہدہ سنبھالنا بظاہر ایک معمول کی بات ہے لیکن ڈاکٹر مہاتیر کی جگہ انور ابراہیم کا اقتدار سنبھالنا معمولی واقعہ نہیں ہے۔ ان دونوں کے تعلقات کی کہانی محبت و نفرت اور نشیب و فراز کے ایسے مراحل سے گزری ہے کہ اگر ہمارے عہد نے اسے آنکھوں سے نہ دیکھ رکھا ہوتا تو اس پر ایک لمحے کے لئے بھی یقین نہ کیا جا سکتا۔

انور ابراہیم ایک طالب علم رہنما کے طور پر منظر عام پر آئے تھے۔ زمانہ ٔ طالب علمی کے بعد ملائیشین نیشنل کانگرس میں شامل ہو گئے۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہ مہاتیر محمد کی آنکھ کا تارا بن گئے۔ 1991 ء میں انہیں وزیر خزانہ بنایا گیا۔ 1993 ء میں وہ وزیراعظم مہاتیر ہی کی کابینہ میں ڈپٹی وزیراعظم بنا دیے گئے۔ انہیں ملائیشیا کا مستقبل سمجھا جاتا تھا، اور عام خیال تھا کہ جب مہاتیر محمد عہدہ خالی کریں گے تو انور ابراہیم ان کی جگہ سنبھالیں گے۔

وزیر خزانہ کے طور پر ملائیشیا کی تعمیر و ترقی میں ان کے کردار کا زمانہ معترف تھا، لیکن کرنا خدا کا یہ ہوا کہ 1998 ء میں ان دونوں کے درمیان فاصلے پیدا ہو گئے۔ دوری اِس قدر بڑھی کہ ڈاکٹر مہاتیر نے انور ابراہیم کو زمین پر دے مارا۔ انہیں کابینہ سے نکال باہر کیا گیا، اس پر ملک گیر احتجاج ہوا، اور پہلی بار حکومت کے خلاف ہزاروں کے اجتماعات دیکھنے میں آئے۔ انور ابراہیم وزیراعظم کے خلاف نعرہ زن تھے، ان کے بیٹوں پر کرپشن کے الزامات لگا رہے تھے، جبکہ دوسری طرف سے ان پر گولہ باری جاری تھی۔

ان پر اخلاقی الزامات بھی لگائے جا رہے تھے۔ ان کی ذات بدعنوانی کے ساتھ ساتھ اخلاقی بے راہ روی کا منبع بھی بنائی جا رہی تھی۔ ہم جنس پرستی کا مقدمہ بنا ڈالا گیا۔ اگلے سال وہ حوالہ ٔ زنداں ہوگئے۔ ڈاکٹر مہاتیر نے ان کے خلاف بھرپور مہم چلائی اور ٹیلی ویژن پر آ کر اُنہیں بار بار تنقید کا نشانہ بنایا۔ مہاتیر 2003 ء میں ریٹائر ہو گئے لیکن انور ابراہیم کی ابتلا ختم نہیں ہوئی۔ ان کے جانشینوں نے بھی انہیں نشانے پر لئے رکھا۔

انور ابراہیم کو سزا سنا دی گئی، نتیجتاً ان کے سیاست میں حصہ لینے پر پابندی لگی۔ ایک مقدمے کی اپیل کا فیصلہ ان کے حق میں ہو گیا۔ کئی سال حوالہ ٔ زنداں رہنے کے بعد وہ رہا ہوئے تو اپوزیشن کے مرکزی رہنما بن گئے۔ انتخابی سیاست میں حصہ لینے پر پابندی ختم ہونے والی تھی کہ اس سے ایک ماہ پہلے سابق وزیر اعظم نے عام انتخابات کا اعلان کر دیا۔ انور ابراہیم ان میں حصہ لینے سے محروم رہے۔ اس کے باوجود اپوزیشن نے برسر اقتدار جماعت کو دو تہائی اکثریت سے محروم کر دیا۔ انور ابراہیم ایک اور مقدمے میں دھر لیے گئے۔ جیل پھر ان کا مقدر بن گئی۔ ملائیشیا میں اس فعل کی سزا بیس سال ہے، لیکن اس الزام میں کسی کے خلاف مقدمہ شاذ ہی دیکھنے یا سننے میں آتا ہے۔ انور ابراہیم پر بار بار یہ الزام لگتا رہا، اس کے باوجود ان کی سیاسی اہمیت کم نہ کی جا سکی، اس میں اضافہ ہوتا رہا۔

ان کی غیر موجودگی میں ان کی اہلیہ عزیزہ اسماعیل نے اپنے شوہر کا خوب ساتھ نبھایا ان کی خوش کرداری کی شہادت دی، ان کے حق میں ڈٹ کرکھڑی ہو گئیں۔ سیاست میں سرگرم حصہ لیا اور بالآخر اپوزیشن کا ایک بڑا اتحاد قائم کر لیا۔ ڈاکٹر مہاتیر نے اپنے جانشینوں کے معاملات سے دِل گرفتہ ہو کر ریٹائرمنٹ ختم کرنے کا اعلان کیا، تو اپنی ہی جماعت کے خلاف اپوزیشن کے محاذ کی قیادت سنبھال لی، اور عام انتخابات میں اسے شکست ِ فاش سے دوچار کر دیا۔ ڈاکٹر صاحب نے اعلان کیا کہ ان سے کئی غلطیاں سر زد ہوئی ہیں، جن میں سے ایک بڑی غلطی انور ابراہیم کی برطرفی تھی، انہیں ان کے عہدے سے الگ نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔

انور ابراہیم کی اہلیہ عزیزہ اسماعیل انتخابات کے بعد ڈاکٹر مہاتیر کی کابینہ میں ڈپٹی وزیراعظم بن گئیں، نئے وزیراعظم نے عہدہ سنبھالتے ہی انور ابراہیم کو معافی دینے کی سفارش کر دی۔ عدالتی فیصلوں کی موجودگی میں انور ابراہیم کی اقتدار میں واپسی ممکن نہ تھی۔ ڈاکٹر مہاتیر نے بادشاہ کی خدمت میں عرضداشت بھیجی اور شاہی فرمان کے ذریعے انور ابراہیم کو معاف کر دیا گیا۔ واضح کر دیا گیا کہ اب ان پر کوئی الزام باقی نہیں ہے۔

وہ قومی زندگی میں بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انور ابراہیم کے خلاف مقدمات اور ان کو دی جانے والی سزاؤں کو عوامی سطح پر قبولِ عام حاصل نہ ہو سکا تھا۔ ہر عدالتی فیصلہ اُن کی مقبولیت میں اضافہ کرتا رہا۔ ان کی اہلیہ عزیزہ اسماعیل نے کمال ہمت اور استقامت کے ساتھ اپنا کردار ادا کیا، اور اپوزیشن کی مختلف الخیال جماعتوں کو یک جا کر کے دکھا دیا۔ ان کی یہ تاریخی جدوجہد نہ صرف ملائیشیا، بلکہ پورے خطے کی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے۔

عدالتی فیصلوں اور حکومتی پروپیگنڈے کے باوجود ملائیشیا کے عوام کی بڑی تعداد انور ابراہیم کی مداح رہی۔ بین الاقوامی طور پر انہیں پذیرائی ملتی رہی۔ انسانی حقوق کے اداروں نے انہیں ”ضمیر کا قیدی“ قرار دیا، ان کے خلاف کارروائیوں نے ملائیشیا کے عدالتی نظام پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیے۔ اور بالآخر بادشاہ سلامت کو عوامی فیصلے پر مہر توثیق ثبت کرنا پڑی ہے، عدالتی فیصلوں کے اثرات کو حرفِ غلط کی طرح مٹا دیا گیا ہے۔

تاریخ مختلف شخصیات کے عروج و زوال کی کہانیوں سے بھری پڑی ہے۔ ڈوب کر ابھرنے اور ابھر کر ڈوبنے والوں کی ایک بڑی تعداد تاریخ کی کتابوں میں تلاش کی جا سکتی ہے، لیکن انور ابراہیم کا معاملہ اس حوالے سے منفرد ہے کہ جس شخص نے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا، انہیں نہ صرف کابینہ سے نکالا تھا، بلکہ اس کے خلاف پرزور مہم چلائی تھی۔ اسے غلط کاریوں کا مرتکب قرار دیا تھا۔ کم و بیش دو عشروں بعد اسی نے اس کی بریت کا پروانہ جاری کیا۔ اس کے حق میں شاہی فرمان حاصل کیا، اور اب اسی کے حق میں اپنے عہدے سے دستبردار ہو رہا ہے۔ یقینا اللہ ہر چیز پر قادر ہے، عزت اور ذلت اسی کے ہاتھ میں ہے۔ وہ شعر جو بچپن سے پڑھتے اور سنتے چلے آ رہے ہیں، ایک بار پھر سن لیجیے ؎

مدعی لاکھ برا چاہے تو کیا ہوتا ہے

وہی ہوتا ہے جو منظورِ خدا ہوتا ہے

پاکستانی سیاست کے لیے بھی اس واقعے میں کئی پیغامات چھپے ہوئے ہیں۔ اپنی اپنی خواہش اور ضرورت کے مطابق انہیں بڑھایا جا سکتا ہے۔ جب بھٹو صاحب کے خلاف قتل کا مقدمہ چل رہا تھا، تو سمجھا جاتا تھا کہ اس کے خلاف عدالتی فیصلہ آیا تو وہ کہیں کے نہیں رہیں گے۔ دُنیا انہیں ایک قاتل کے نام پر یاد رکھے گی، لیکن جو ہوا وہ اس کے برعکس تھا۔ بھٹو پھانسی چڑھنے کے باوجود پاکستانی سیاست کی ایک زندہ حقیقت ہیں، جبکہ عدالتی فیصلے کا دفاع کرنے والے کم سے کم ہوتے جا رہے ہیں۔

نواز شریف حکومت کا تختہ الٹا گیا تو انہیں طیارہ اغوا کرنے کے الزام میں عمر قید کی سزا ہو گئی، کچھ عرصے کے بعد انہیں جیل سے نکال کر جدہ بھجوا دیاگیا۔ کئی مبصرین سمجھتے تھے کہ نواز شریف کی سیاست کا باب ختم ہو گیا لیکن وہ کئی برس بعد واپس آ کر پھر انتخاب جیت گئے اور تیسری بار وزارتِ عظمیٰ سنبھال لی، ان کے خلاف عدالتی فیصلہ اعلیٰ ترین عدالت کی میزان پر پورا نہ اتر سکا۔ گویا، سیاست میں نہ کوئی حرفِ آخر ہوتا ہے، اور نہ موت سے پہلے کسی شخص کے بارے میں کوئی حتمی رائے قائم کی جا سکتی ہے۔

ایوان میں حاضری

برادرم فواد چودھری نے مطالبہ کیا ہے کہ قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف ملک واپس آ کر اپنا کردار ادا کریں، بصورت ِ دیگر یہ منصب کسی اور کو سونپ دیں۔ اس بات میں یقینا وزن ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو قومی اسمبلی کے اندر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، لیکن اس کے ساتھ ہی ضروری ہے کہ قائد ایوان، بھی اپنے ایوان کو رونق بخشیں۔ اپوزیشن لیڈر تو اس وقت اپنے برادر بزرگ محمد نواز شریف کے علاج کے سلسلے میں بیرون ملک ہیں۔ وہ کہہ سکتے ہیں کہ اس ذمہ داری سے عہدہ برآ ہو کر وہ فواد چودھری صاحب کی خواہش پوری کر دیں گے، لیکن قائد ایوان تو ماشاء اللہ اسلام آباد میں ہیں۔ انتخابات کے فوراً بعد بڑے جوشیلے اعلانات ہوتے تھے کہ وزیراعظم ہفتے میں ایک دن وقفہ سوالات کے درمیان موجود ہوں گے اور بنفسِ نفیس سوالوں کے جوابات دیا کریں گے، لیکن وہ دن ابھی تک طلوع نہیں ہوا۔
بشکریہ روزنامہ پاکستان۔

مجیب الرحمن شامی
Latest posts by مجیب الرحمن شامی (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

مجیب الرحمن شامی

یہ کالم روز نامہ پاکستان کے شکریے کے ساتھ شائع کیا جاتا ہے

mujeeb-ur-rehman-shami has 129 posts and counting.See all posts by mujeeb-ur-rehman-shami

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments