نامور فلمی شخصیت جناب سُرور بارہ بنکوی


انہوں نے بالکل صحیح کہا۔ 1973 میں سب سے زیادہ نگار ایوارڈ حاصل کرنے والی فلم ”آس“ ہی تھی۔ اسے مختلف شعبوں میں 8 عدد نگار حاصل ہوئے۔ اِس میں آفاقیؔ صاحب اور رشید جاوید کو مشترکہ بہترین فلمساز کا، آفاقی ؔ صاحب کو بہترین ہدایتکار کا ( واضح ہو کہ بحیثیت ہدایتکار یہ اُن کی پہلی فلم تھی) اور بہترین مکالمہ نگار کا ایوارڈ بھی حاصل ہوا۔

میں نے آفاقیؔ صاحب سے پوچھا کہ سُرورؔ بارہ بنکوی صاحب نے آپ کی فلم میں کام کرنے کے لئے شبنم کو کیسے راضی کر لیا؟ تو انہوں نے جواب دیا : ”سُرورؔ ڈھاکہ فلمی صنعت میں ہر ایک کے کام آنے والے، چھوٹے بڑے مسائل حل کروانے والے مشہورتھے۔ ڈھاکہ فلم نگری کے صرف اداکار اور موسیقار ہی نہیں بلکہ میوزیشن، ٹیکنیشن، اسٹوڈیو کے تمام شعبوں کے چھوٹے بڑے تمام لوگ سُرورؔ کی بات نہیں ٹال سکتے تھے“ ۔ بہر حال کہنے کا مقصد ہے کہ سُرورؔ نے مشرقی پاکستان میں ایک بھرپور زندگی گزاری تھی۔ شبنم نے بھی سُرورؔ بارہ بنکوی کی بات کا پاس رکھتے ہوئے بیچ کا کوئی راستہ نکالا اور آفاقیؔ صاحب کا مسئلہ نہ صرف حل ہوا بلکہ خود شبنم کے لئے لاہور کی فلمی دنیا کا دروازہ کھل گیا۔

خاکسار کا تجزیہ ہے کہ سُرورؔ قسم کے سماجی خدمت کرنے والے اسی قبیل کے ہوتے ہیں۔ ان کا نہ دن اپنا ہوتا ہے نہ رات۔ ہمت والے یہ لوگ سب کی بے لوث اور مخلصانہ مدد کرتے ہیں۔ ایسے لوگ بندوں سے نہ کوئی توقع رکھتے ہیں نہ اخلاص کی اجرت کے طالب۔ اِن کی اُجرت اللہ تعالیٰ کے ہاں جمع ہوتی رہتی ہے۔

سرورؔ فلمساز ی کے میدان میں

جب سُرورؔ کے پاس پیسے اور تجربہ کا مناسب سرمایہ جمع ہو گیا تو انہوں نے فلمسازی کے میدان میں قدم رکھ دیا۔ پہلی فلم ”آخری اسٹیشن“ ( 1965 ) ہاجرہ مسرور کی مختصر کہانی ’پگلی‘ پر بنائی۔ اس کا اسکرین پلے، مکالمے اور گیت خود لکھے ( بعض جگہ مکالمہ نگار کا نام ابراہیم جلیس بھی لکھا گیا ہے ) ۔ سُرورؔ ہی اس کے ہدایتکار بھی تھے۔ یہ فلم خاطر خواہ کامیاب نہ ہو سکی۔ حالاں کہ فلمی پنڈتوں کے مطابق یہ بہت اعلیٰ فلم تھی۔ اداکارہ شبنم کو اس فلم میں 1965 کی بہترین اداکارہ کا نگار ایوارڈ حاصل ہوا۔ حاجرہ مسرور کو مذکورہ فلم میں بہترین کہانی نویس کا نگار حاصل ہوا۔

سرورؔ نے دوسری فلم ”تم میرے ہو“ 1968 میں بنائی۔ یہ فلم بھی کرشن چندر کی ایک مختصر کہانی ’انجان‘ پر بنائی۔ اِس فلم پر سُرورؔ کاجتنا سرمایہ لگا تھا وہ واپس نہ آیا۔ اُن کی تیسری فلم ”آشنا“ ( 1970 ) وحیدہ نسیم کی کہانی ’بیگانگی‘ پر بنائی گئی۔ یہ فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکی۔

ڈھاکہ فلم نگری سے واپسی راس نہ آئی

ڈھاکہ کے سیاسی ابتر حالات دیکھ کر وہ 1970 میں کراچی منتقل ہو گئے۔ کوئی مانے یا نہ مانے لیکن حقیقت یہ ہے کہ سُرورؔ پھر وہ ڈھاکہ والے سُرورؔ نہ رہے۔ اس میں اُن کا اختیار نہیں۔ ڈھاکہ کی فلمی دنیا کے روز و شب، وہ مصروفیات، ہر وقت لوگوں کی آمد و رفت، بہ مشکل کچھ گھنٹے ہی سوتے ہوں گے۔ لیکن یہ سب ہنگامہ سُرورؔ صاحب کے لئے ہوا، پانی اور سورج کی روشنی تھا۔ ماشاء اللہ یہ اُس ہوا، پانی اور روشنی میں بہت سرشار تھے۔ اب یہ سب اُن سے چھِن گیا تو وہ ٹوٹ گئے۔

مجھے سُرورؔ بارہ بنکوی صاحب سے 1974 میں ملنے کا اعزاز حاصل ہے۔ جامعہ کراچی کے شعبہ اُردو میں یہ کسی پروگرام میں مدعو تھے۔ ان کے صاحبزادے اور صاحبزادی بھی جامعہ کے طلباء تھے۔ اُس تقریب کے لئے یہ وقت سے کچھ پہلے آ گئے اور ہال کے باہر جو طلبا و طالبات کھڑے تھے اُن میں گھُل مل گئے اور پھر اُن کے ساتھ وہیں فٹ پاتھ پر کچھ دیر بیٹھ کر بات چیت کی۔ کتنے سادا مزاج اور سادہ طبیعت شخص تھے۔ اے کاش میرے پاس اُس ماحول کی کوئی تصویر ہوتی!

سُرورؔ بارہ بنکوی کے چند یادگار مقبول فلمی گیتوں کا ذکر

فلم ”تلاش“ ( 1963 ) : ’کچھ اپنی کہیے کچھ میری سنیے، یہ شام یہ تنہائی یوں چُپ تو نہ رہیے‘ ۔ یہ غزل فردوسی بیگم اور بشیر احمد نے الگ الگ ریکاڑد کروائی۔ موسیقار روبن گھوش تھے۔ سُرورؔ کی یہ لازوال غزل ہے۔ اب بھی اکثر ایف ایم ریڈیو اسٹیشنوں اور ریڈیو پاکستان سے نشر ہوتی ہے۔ روبن گھوش کو اِس فلم میں بہترین موسیقار کا نگار ایوارڈ حاصل ہوا۔

فلم ”ملن“ ( 1964 ) : اس فلم کے 2 موسیقار تھے۔ خان عطا الرحمان خان اور روبن گھوش : ’جب تم اکیلے ہو گے، ہم یاد آئیں گے۔ ۔ ۔ ۔ ۔‘ آواز بشیر احمد، موسیقی روبن گھوش۔ ’کوئی دل میں آ کے مُسکرا گیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔‘ آواز فردوسی بیگم، موسیقار خان عطا الرحمان خان، ’تم جو ملے پیار ملا، دل کو قرار آ گیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔‘ نورجہاں اور بشیر احمد کا دوگانا، موسیقار خان عطا الرحمان خان، ’تم سلامت رہو مسکراؤ ہنسو، میں تمہارے لئے گیت گاتا رہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔‘ آواز بشیر احمد، موسیقار خان عطا الرحمان خان۔ یہ گیت و غزل اپنے وقت کے مقبول ترین نغمات تھے۔

خان عطا الرحمن خان نہایت ہی باصلاحیت فنکار تھے۔ اچھے اداکار، گیت نگار، فلمساز، موسیقار، میوزیشن، گلوکار، پینٹر اور کیا کیا نہیں تھے! انہیں 1965 میں بنگالی زبان میں بننے والی فلم ”جانا جانی“ پر بہترین فلمساز کا نگار ایوارڈ حاصل ہوا۔

فلم ”کاجل“ ( 1965 ) میں موسیقار سُبل داس کا ایک گیت بے مثال ہے۔ آپ آج بھی سنیں تو سُرورؔ کے ساتھ موسیقار سُبل داس بھی یاد آئیں گے۔ ’یہ آرزو جواں جواں یہ چاندنی دھواں دھواں، پکارتے پھریں بتاؤ ہم تمہیں کہاں کہاں۔ ۔ ۔ ۔ ۔‘ آواز فردوسی بیگم۔

مزید پڑھنے کے لیے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیں


صفحات: 1 2 3