نامور فلمی شخصیت جناب سُرور بارہ بنکوی
فلم پنڈتوں کے مطابق فلم ”چاند اور چاندنی“ ( 1968 ) مشرقی پاکستان کی بہترین ’میوزیکل‘ فلم ہے۔ اس کے موسیقار کریم شہاب الدین تھے۔ میں نے پاکستان ٹیلی وژن کراچی مرکز میں شعبہ پروگرام میں 1980 کی دہائی میں سب سے زیادہ موسیقی کے پروگرام کریم بھائی کے ساتھ کیے۔ بے حد میٹھے اور ملنسار آدمی تھے۔ چوں کہ مجھے خود موسیقی کا بہت شوق تھا چنانچہ اکثر ڈھاکہ کی فلمی دنیا کی باتیں ہوتیں۔ جب بھی فلم ”چاند اور چاندنی“ کے حوالے سے سُرورؔ بارہ بنکوی کا ذکر ہو تا مجھے جامعہ کراچی والے سُرورؔ یاد آجاتے۔ کریم بھائی کا کہنا تھا کہ سُرورؔ اپنے ہر گیت پر خوب محنت کرتے تھے۔ فلم میں ان کے گیت موقع محل کے مطابق بہت صحیح جگہ بیٹھتے تھے۔ بلکہ کہانی کو آگے بڑھاتے تھے۔ کریم بھائی اکثر سُرورؔ کو یاد کیا کرتے۔
اپنے وقت کی بہترین فلم ”چاند اور چاندنی“
بہرحال کچھ فلم ”چاند اور چاندنی“ کے گیتوں کا ذکر ہو جائے : ’تجھے پیار کی قسم ہے میرا پیار بن کے آ جا، میری بے قراریوں کا تو قرار بن کے آ جا‘ آوازیں مسعود رانا اور مالا، ’اے جہاں اب ہے منزل کہاں۔ ۔ ۔ ۔ ۔‘ آواز احمد رشدی، ’جانِ تمنا خط ہے تمہارا، پیار بھرا افسانہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔‘ آواز احمد رشدی، ’لائی گھٹا موتیوں کا خزانہ، آیا بہاروں کا موسم سہانا‘ آواز مالا اور ساتھی، ’تیری یاد آ گئی غم خوشی میں ڈھل گئے، اک چراغ کیا جلا سو چراغ جل گئے‘ آواز مسعود رانا، ’یہ سماں موج کا کارواں، آج اے ہمسفرلے چلا ہے کہاں‘ آواز مالا۔ سرور ؔ کے یہ تمام گیت سُپر ہٹ تھے۔ اس فلم کا طرہ امتیازوہ گیت ہے جو آج بھی پورے پاکستان کے اُن تمام ایف ایم ریڈیو اسٹیشنوں سے تقریباً روزانہ نشر ہوتا ہے جو رات کو شعر و شاعری پر مبنی پروگرام پیش کرتے ہیں : ’‘ تیری یاد آ گئی غم خوشی میں ڈھل گئے، اک چراغ کیا جلا سو چراغ جل گئے“۔
سُپر ہِٹ فلم ”احساس“ ( 1972 ) کے فلمساز، نگار ویکلی کے بانی، الیاس رشیدی (م ) صاحب تھے۔ موسیقار روبن گھوش کا ایک گیت ریڈیو پاکستان اور گلی گلی بہت مقبول ہوا : ’ہمیں کھو کر بہت پچھتاؤ گے جب ہم نہیں ہوں گے، بھری دنیا کو ویراں پاؤ گے جب ہم نہیں ہوں گے‘ آواز رونا لیلیٰ۔
ڈائمنڈ جوبلی فلم ”آئینہ“ ( 1977 ) اپنے لازوال گیتوں کی وجہ سے آج بھی بے حد مقبول ہے۔ موسیقار روبن گھوش کا ایک گیت سدا بہار ہے : ’کبھی میں سوچتا ہوں کچھ نہ کچھ کہوں، پھر یہ سوچتا ہوں کیوں نہ چپ رہوں‘ آواز مہدی حسن۔ موسیقی کے پنڈتوں کے مطابق یہ گیت گلوکار مہدی حسن کے لئے تبدیلی آب و ہوا ثابت ہوا۔ انہیں ایک نئی توانائی حاصل ہوئی۔ آپ خود اِن کے 1976۔ 1977 کے کوئی فلمی گیت سنیں اور اُن کے بعد فلم آئینہ کا یہی گیت سنیں آپ کو فوراً فرق محسوس ہو گا۔ اب یہ کیا فرق ہے؟ یہ سننے پر ہی معلوم ہو سکے گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اس توانائی میں روبن گھوش کی دھن اور میوزک ارینجمنٹ بھی شامل ہے۔
سُرورؔ نے نعتیں بھی کہیں
اللہ اللہ میری قسمت ایسا رتبہ اور میں
جاگتی آنکھوں سے دیکھوں خوابِ طیبہ اور میں
دم بہ خود ہیں آج دونوں میری دنیا اور میں
بارگاہِ صاحبِ یٰسین و طحٰہ اور میں
میں جہاں پر ہوں وہاں محسوس ہوتا ہے سرورؔ
جیسے پیچھے رہ گئے ہوں میری دنیا اور میں
پاکستان ٹیلی وژن کے لئے بھی لکھا :
تو کیا یہ طے ہے کہ اب عمر بھر نہیں ملنا
تو پھر یہ عمر بھی کیوں، تم سے گر نہیں ملنا
فریب خوردہء دیوار و در کریں گے بھی کیا
پلٹ کے جائیں تو اب اپنا گھر نہیں ملنا
یہ غزل گلوکارہ گلبہار بانو نے موسیقار ارشد محمود کی موسیقی میں ریکارڈ کروائی تھی۔ اس کا شمار پی ٹی وی کی مقبول غزلوں میں کیاجاتا ہے۔
شعری مجموعے
سُرورؔ بارہ بنکوی کے 2 شعری مجموعے شائع ہوئے۔ پہلا ’سنگِ آفتاب‘ ( 1975 ) دوسرا ’سوز گیتی‘ ( 1980 ) ۔
سرور ؔ کا فلمی اُردو ادب
سُرورؔ فلمی دنیامیں رہتے ہوئے مکمل ادب کا کام کرتے رہے۔ یہ اُردو ادب بھی ہے یہ اُٹھنے بیٹھنے گفتگو کا طریقہ بھی ہے۔ سُرورؔ ایک بہترین اُستاد تھے جنہوں نے ڈھاکہ فلمی دنیا کو الف اور ب سکھلائی۔ مکالموں کی ادائگی حتیٰ کہ چہرے کے تاثرات بھی سکھلائے۔ اِن کے اندر کا فنکار محض گیت نگار نہیں، وہ فلم کے تمام شعبوں پر گرفت رکھتے تھے۔ جب ہی تو انہوں نے تین فلمیں بنائیں۔ باکس آفس پر ناکام ہوئیں تو کیا! فلم ”آخری اسٹیشن“ دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔
یہ صحیح معنوں میں فلم کے آدمی تھے۔ اِن کی تمام توانائی، صلاحتیں فلم کے لئے تھیں۔ آخری دم تک فلم و ادب کی خدمت کرتے رہے۔ مشرقی پاکستان کے بنگلہ دیش بن جانے کے پس منظر میں وہ ایک فلم ”کیمپ 333“ پر کام کر رہے تھے۔ کاغذی تیاریاں مکمل ہو چکی تھیں۔ وہ اس سلسلے میں 1980 میں ڈھاکہ گئے۔ ابھی ابتدائی گفت و شنید ہی ہوئی تھی کہ 3 اپریل 1980 کو دل کا شدید دورہ ہوا اور انتقال کر گئے۔
وہی ڈھاکہ کی سرزمین جس نے سُرورؔ کو سُرورؔ بنایا وہیں پر انہوں نے اپنی زندگی کی کہانی ختم کی۔ اللہ تعالیٰ سُرورؔ بارہ بنکوی کی مغفرت فرمائے اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔


