نواز شریف کا پاکستان واپس آنے کا اعلان


سابق وزیراعظم نواز شریف نے ضمانت منسوخی پر ملک واپسی کی تیاریاں کیے جانے کی ہدایت کر دی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے ضمانت منسوخ کیے جانے کے بعد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ان کی بیماری کو سیاست کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، اسی لیے انہوں نے ہدایت کر دی ہے کہ ان کی پاکستان واپسی کے انتظامات کیے جائیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کیلئے ائیرایمبولینس کا انتظام کیا جائے گا، جبکہ ممکنہ طور پر ان کے ہمراہ غیر ملکی ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ بھی پاکستان آ سکتا ہے۔ تاہم ابھی یہ نہیں بتایا گیا کہ نواز شریف کی پاکستان واپسی کس تاریخ کو ہوگی۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے معاملے پر پنجاب حکومت نے نواز شریف کے خلاف کارروائی کیلئے وفاق کو خط لکھ دیا۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر قانون راجا بشارت نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف متعلقہ عدالت اور ٹرائل کورٹ میں وفاق جائے گا۔ وفاق کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔ کارروائی کے لئے وفاقی حکومت اقدام کرے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کابینہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت میں توسیع دینے کی درخواست مسترد کی تھی۔ حکومت نے کہا کہ ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے کے بعد نواز شریف مفرور ڈکلیئر ہو چکے ہیں۔ وہ واپس نہ آئے تو انہیں اشتہاری قرار دیا جائے گا۔ پنجاب کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ میڈیکل بورڈ اور خصوصی کمیٹی کی طرف سے بارہا یاد دہانی کے باوجود نواز شریف کی مطلوبہ میڈیکل رپورٹس فراہم نہیں کی گئیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments