کرونا وائرس کے 15 مشتبہ کیسز موجود ہیں، ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کرنے کی ہدایت
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ 2 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ان میں سے ایک کا تعلق کراچی اور دوسرے کا اسلام آباد سے ہے، دونوں مریضوں کا گزشتہ دنوں کے دوران جن لوگوں سے بھی رابطہ ہوا ہے ان کے ٹیسٹ بھی کیے جا رہے ہیں۔ ایک شخص سے رابطے میں رہنے والے تمام افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں جبکہ دوسرے مریض کے رابطے کے افراد کے ٹیسٹ جاری ہیں۔ اس وقت ملک کے مختلف حصوں میں 15 مشتبہ مریض موجود ہیں۔ اگر کسی کو بھی کرونا کا شک ہو تو وہ فوری طور پر ہماری ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کرے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ہمیں نہ تو بلا ضرورت پریشان ہونا چاہیے اور نہ ہی ہیجان پیدا کرنا چاہیے، سب سے زیادہ ضروری چیز احتیاط ہے، اگر آپ چین یا ایران سے سفر کرکے پاکستان آئے ہیں تو خدارا ڈاکٹر سے رابطہ کریں یا اگر آپ کسی ایسے شخص کو جانتے ہیں جو ان دو ممالک سے سفر کرکے آئے ہیں ان میں کوئی علامت پائی جاتی ہے تو ان کے بارے میں ہماری ہیلپ لائن1166 پر رابطہ کریں ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک مہینے کے اندر کرونا وائرس کو روکنے کیلئے ہم نے جو اقدامات کیے ہیں، یقین ہے کہ پاکستان میں بہت زیادہ مریض سامنے نہیں آئیں گے۔ پاکستان کے ایک طرف چین جیسی سپر پاور ہے جہاں سے یہ وبا شروع ہوئی۔ دوسری طرف ایران ہے جہاں کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ افغانستان اور انڈیا میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے لیکن بہترین پالیسیوں اور بروقت اقدامات کی وجہ سے ہم آخری ملک ہیں جس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ٹھیک ٹریک پر چل رہے ہیں، اگر اللہ نے ساتھ دیا تو یہ پاکستان میں وبائی شکل اختیار نہیں کرے گا۔


