چین میں کرونا وائرس نے مزید 52 افراد کی جان لے لی، ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2715 ہو گئی


چین میں پھیلنے والا کرونا وائرس 40 سے زائد ممالک تک پہنچ گیا ہے۔ چین میں کرونا وائرس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 52 افراد کی جان لے لی ہے جس کے بعد چین میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2715 تک پہنچ گئی ہے۔ چینی صوبے ہوبئی میں مزید 406 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد چین میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
چین کے بعد وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ایران میں ہوئیں جہاں وائرس سے متاثرہ مزید چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 19 ہو گئی ہے۔ ایران میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 44 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 139 ہو گئی ہے۔
چین کے بعد جنوبی کوریا جان لیوا کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جنوبی کوریا میں متاثرین کی تعداد 1146 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
یورپی ممالک میں اٹلی کی صورتحال تشویشناک ہے، اٹلی میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔ اٹلی میں اب تک مجموعی طور پر 300 کیسز سامنے آ چکے ہیں، اٹلی میں وائرس کے خطرے کے پیش نظر 11 شہروں میں لاک ڈائون کر دیا گیا ہے۔ برطانیہ میں ہزاروں افراد کرونا کے ٹیسٹ کروا رہے ہیں جبکہ حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر وائرس کی روک تھام کیلئے مناسب اقدامات نہیں کئے گئے تو صرف برطانیہ میں 5 لاکھ افراد ہلاک ہو سکتے ہیں۔
کویت میں وائرس کے دو نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ پیرس میں مزید تین افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، تینوں متاثرین کو علاج کیلئے خصوصی مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ جان لیوا وائرس الجزائر، آسٹریا ، سوئٹزرلینڈ، کروشیا، سپین اور افغانستان میں بھی پہنچ گیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اب تک 40 سے زائد ممالک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ غریب ممالک کرونا وائرس کے خطرے کی زد میں ہیں۔ غریب ممالک کو وائرس کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ عالمی ادارہ صحت حکام کا کہنا ہے کہ وبا سے بڑے پیمانے پر نمٹنے کیلئے تیار ہونا پڑے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments