جنسی ہراسانی کے الزام میں مستعفی گومل یونیورسٹی کے صدر شعبہ اسلامیات پروفیسر صلاح الدین گرفتار


ڈیرہ اسماعیل خان کی گومل یونیورسٹی سےجنسی ہراسانی کے الزام کے بعد مستعفی ہونے والےپروفیسر صلاح الدین ایک لیکچرار کو دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ کینٹ پولیس نے پروفیسر صلاح الدین کو گرفتار کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل’’ہم نیوز‘‘ کے مطابق پولیس نے لیکچرار کو دھمکیاں دینے کے الزام میں گومل یونیورسٹی کے ایک ہفتہ قبل مستعفیٰ ہونے والے پروفیسر صلاح الدین کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی ایس پی محمد اقبال کا کہنا ہے کہ پروفیسر صلاح الدین کے خلاف جنسی ہراسانی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی انکوائری کی جا رہی ہے، اُنہیں ان کی رہائش گاہ وانڈہ موچیاں والا سے گرفتار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گومل یونیورسٹی کے شعبہ عربی اور اسلامیات کے پروفیسر صلاح الدین کو خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام پر یونیورسٹی کی انتظامیہ نے استعفیٰ لے کر ایک ہفتہ قبل ملازمت سے فارغ کردیا تھا تاہم ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی تھی۔ پروفیسر صلاح الدین پر پہلے بھی الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں لیکن ان سے وہ انکار کرتے آئے ہیں۔

Facebook Comments HS