بنگالی کی بیٹی


(تیس سالہ روبینہ مچھر کالونی کی رہائشی ہیں اور ہاؤس وائف ہیں۔)

جب سے پیدا ہوئی ہوں یہیں پر رہتی ہوں۔ والد پہلے کیکڑا پکڑنے کا کام کرتے تھے۔ اب بہت بیمار ہیں اور کچھ نہیں کرتے۔ میرے والدین کے پاس پرانے شناختی کارڈ تھے۔ میں اختر کالونی میں نادرا کے دفتر گئی میرے پاس برتھ سرٹیفکیٹ اور والد کا شناختی کارڈ تھا۔

انھوں نے میرا شناختی کارڈ بنانے سے انکار کیا اور ساتھ میں والد صاحب کا بھی (شناختی کارڈ) بلاک کر دیا۔

میں دوبارہ گئی کاغذ جمع کروانے، ٹوکن نمبر بھی مل گیا مگر دو سال تک چکر لگائے۔ پھر انھوں نے کہا کہ یہ فارم لے کر صدر میں آئی بی کے دفتر جاؤ۔ میں ڈیڑھ سال تک اس دفتر کے چکر لگاتی رہی۔ انھوں نے کہا کہ آپ ایسے نہیں آ سکتیں۔ جب بلائیں تب آنا ورنہ دفتر کے احاطے میں نہیں آنے دیں گے۔

میرے شوہر فشریز کا کام کرتے ہیں۔ اس کا کارڈ بھی نہیں بنا۔ میرے سسر پنجابی ہیں ان کا کارڈ بنا ہوا ہے جبکہ ساس بنگالی ہے۔ ان کے پاس کارڈ نہیں ہے۔

میرے پانچ بھائی ہیں۔ بڑا مدرسے میں پڑھاتا ہے۔ باقی تین فشریز میں کام کرتے ہیں۔ لیکن ان کا کام بھی سیٹ نہیں ہو سکتا۔ کارڈ نہیں ہے تو نوکری نہیں کر سکتے۔ صرف دیہاڑی لگاتے ہیں۔ یہ گھر ہمارا اپنا ہے۔ لیکن ہمارے پاس کوئی کاغذ نہیں ہے ملکیت کا۔ نہ کسی کمپیوٹر پر ریکارڈ ہے۔ گیس بجلی سب پرانے مالک کے نام ہے۔

بنگالی افراد

کارڈ کے بغیر کوئی زندگی نہیں ہے۔ میری بڑی بیٹی آٹھویں جماعت میں ہے ابھی نویں میں جا رہی ہے۔ ب فارم کے بغیر میٹرک کے امتحان میں نہیں بیٹھ سکتی۔ روتی رہتی ہے کہ امی آپ کیوں کچھ نہیں کرتی۔ میری بیٹی آمنہ مجھے الزام دیتی ہے کہ میں نے کارڈ نہیں بنوایا اس لیے وہ امتحان میں نہیں بیٹھ سکتی۔ کاش میرا کارڈ بن جائے۔ میری چھوٹی بہن میری بیٹی کے برابر ہے۔ وہ ٹی سی ایف کے سکول میں آٹھویں میں پڑھتی ہے۔

وہ بھی بورڈ کا امتحان نہیں دے سکتی۔ سکول والے بھی کوئی مدد نہیں کر سکتے۔

پچھلے مہینے میرے ابو بہت بیمار تھے۔ سول ہسپتال گئے تو انھوں نے کہا کارڈ لے کر آؤ تو پرچی ملے گی۔ کوئی ہمیں کارڈ دے گا تو ہم کسی کو دکھائیں گے۔ کبھی کوئی رحم کھا کر ہسپتال کی پرچی دے دیتا ہے۔ ورنہ نہیں دیتے۔

کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے کیا کیا پریشانی ہے بتا نہیں سکتے۔ میری شادی کے لیے 15 برس قبل جب لوگ رشتہ دیکھنے آتے تھے تو پہلے پوچھتے تھے کہ بیٹی کا کارڈ ہے یا بیٹے کے پاس کارڈ ہے۔ اگر نہ ہو تو رشتہ واپس لے کر چلے جاتے تھے۔ اگر لڑکے یا لڑکی میں سے کسی ایک کے پاس بھی کارڈ نہیں ہے اور دونوں کی شادی ہو جائے تو بچوں کا کارڈ نہیں بن سکتا۔ تو لوگ یہ سوچ کر رشتہ نہیں دیتے۔

کاش میرا اور میری بچی کا کارڈ بن جائے تو پورے محلے کو مٹھائی کھلاؤں گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).