شکریہ مراد علی شاہ


پیپلز پارٹی بلا شریک غیرے سندھ کی حکمراں جماعت ہے یہ مسلسل حکومت کی دوسری دہائی میں داخل ہوچکی ہے ہم مان لیتے ہیں سندھ حکومت نے تعلیم، صحت، انفرا اسٹیکچر کے میدان میں وہ کام نہیں کیے جو ان مسلسل بارہ سالوں میں ہونے چاہیے تھے، یہ کراچی کو نیویارک، حیدر آباد کو پیرس اور لاڑکانہ کو لندن نہیں بناسکی، ہم کراچی کے کچرے، تھر کے قحط اداروں کی کرپشن کا ذکر کرکے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہمیں ماننا پڑے گا سندھ حکومت کی اس وقت کی پروفامنس وفاق اور دیگر تینوں صوبوں سے بہتر ہے وزیر اعلی مراد علی شاہ تینوں صوبوں میں تعینات وزرا اعلی سے زیادہ پڑھے لکھے، سلجھے اور سمجھدار وزیر اعلی ہیں وزیر اعظم عمران خان کو بھی مراد علی شاہ سے زیادہ قابل یا پڑھا لکھا قرار دینا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔

یہ این ای ڈی یونیورسٹی سے سول انجینئرنگ اور امریکہ کی سٹینفرڈ یونیورسٹی سے سول سٹرکچرل انجینئرنگ اور اکنامک انجینئرنگ کے شعبوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں یہ واپڈا، پورٹ قاسم اتھارٹی، حیدرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور کراچی ہاربر پر ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں یہ صوبائی وزیر خزانہ، وزیرِ توانائی اور وزیرِ آبپاشی بھی رہ چکے ہیں یہ صبح نو بجے دفتر پہنچ جاتے ہیں اور کسی سیکشن افسر کی طرح اپنے محکمے کے بارے میں اپ ڈیٹ ہوتے ہیں، دوسری جانب وزیر اعظم سے لے کر پنجاب ادنی مشیر تک وفاقی حکمراں جماعت کے پاس مراد علی شاہ جیسا ایک وزیر، مشیر، یا ممبر صوبائی اسمبلی نہیں مراد علی شاہ نے حساس ترین صوبے میں جس طرح کرونا وائرس کے خطرات کا مقابلہ کیا اس پر یہ تحسین، ستائش، داد کے حقدار ہیں۔

کرونا وائرس کے ایران تک پھیلتے ہی یہ متحرک ہوگئے خاموش انداز میں اینٹی کرونا وائرس ٹاسک فورس تشکیل دی اور خود اسے لیڈ کرنے لگے انہوں نے فوری پولیس، اسپیشل برانچ، ڈپٹی کمشنر کی مدد سے ایران سمیت متاثرہ ممالک کا سفر کرنے والے افراد کے اعداد و شمار اکٹھے کیے سندھ حکومت نے معاملے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے تعلیمی اداروں میں تعطیلات اعلان کیا یہ روز کرونا وائرس کے حوالے سے اجلاس طلب کرتے ہیں۔ ٹیم کے ممبران سے سوالات کرتے ہیں انہیں مشورے دیتے ہیں یہ سمجھتے ہیں کہ اس موزی وبا سے لڑنے کے لئے پہلے اسے کم سے کم پر محدود کرنا ضروری ہے مراد علی شاہ نے کرونا وائرس کے حوالے سے حقیقی سرپرست کا کردار ادا کیا یہ اس مرض کے حوالے سے باقاعدہ پریشان نظر آئے انہوں نے ایران سے وطن واپس پہنچنے والے پندرہ سو افراد کی اسکرینگ کے احکامات جاری کئیے یہ روز شام سات بجے اپنی ٹیم کے ساتھ سر جوڑ کر بیٹھ جاتے ہیں کرونا وائرس پر کیے اقدامات پر سوالات اور مشورے کرتے ہیں۔

اگر ہم وفاق اور سندھ کو موازنہ کریں تو وفاق میں ڈاکٹر ظفر کے علاوہ کوئی دوسرا محترک وزیر مشیر نظر نہیں آتا ڈاکٹر ظفر وفاقی حکومت کی واحد شخصیت یے جو اس حوالے محترک نظر آئی۔ سندھ میں مراد علی شاہ چھبیس فروری کو پہلا مریض منظر عام پر آتے ہی ایکشن میں آئے اور اینٹی کرونا ٹاسک فورس تشکیل دے کر کام شروع کردیا مراد علی شاہ کے ساتھ سعید غنی، عذرا پیچوہو، ناصر حسین شاہ سمیت دیگر وزرا بھی محترک نظر آئے جب یہ سطور لکھی جارہی ہیں سندھ حکومت معاملے کو سنگین قرار دیتے ہوئے تعلیمی اداروں کو یکم جون تک بند رکھنے کا اعلان کر چکی ہے لیکن ہمیں گزشتہ ادوار میں کارکردگی میں تمام صوبوں سے آگے رہنے والا پنجاب اب سندھ سے کہیں پیچھے کھڑا نظر آتا ہے کرونا وائرس پر بھی وسیم اکرم پلس کو رن اپ لیتے لیتے سات دن لگے جب نیند سے جاگے تو خیال آیا کہ کرونا کے متعلق اجلاس طلب کرنا چاہیے کیا کسی نے وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کو دیکھا؟ کرونا کی وبا دنیا کی معشیت، صحت اور معاشرت تباہ کر رہی ہے، موصوفہ کہاں ہیں؟ وزیراعظم نے اب تک کرونا کے حوالے سے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کی یہ دیگر مغربی ممالک کے سربراہان کی طرح ویڈیو بیان بھی جاری کرتے نظر نہیں آئے۔ آخری خبر یہ ہے کہ وزیر اعظم نے ملک میں پہلا کیس آنے کے چودہ دن بعد قومی سلامتی کا اجلاس طلب کیا ہے

ہر طرف نااہلی کی گرد سے ابھ رکر سامنے آتے مراد علی شاہ کے لئے سندھ کے عوام یہ تو کہہ ہی سکتے ہیں، شاباش مراد علی شاہ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments