کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی نافذ کرکے ملک کو فوج کے حوالے کیا جائے: صحافی چوہدری غلام حسین
سینئر صحافی چوہدری غلام حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی نافذ کر کے ملک کو فوج کے حوالے کیا جائے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری غلام حسین کا کہنا تھا کہ لوگ حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور گھروں پر رہیں۔ ہر بندہ ہی کرونا وائرس سے خوفزدہ ہے لیکن اس کو خود پر سوار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایسا نہ کیا جائے کہ 100 روپے کی چیز کو ایک ہزار روپے کا کر دیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایمرجنسی نافذ کرکے ملک کو فوج کے حوالے کردیا جائے تاکہ ہر بندہ ڈسپلن کا مظاہرہ کر سکے۔ چوہدری غلام حسین کا کہنا تھا کہ تفتان میں تو 200 بندے نہیں رہ سکتے، وہاں موجود لوگوں کو ایئر لفٹ کیا جائے اور انہیں وہاں سے دوسری جگہ لے جایا جائے۔
ملک کو فوج کے حوالے کرنے کے بارے میں چوہدری غلام حسین کے بیان پر ایک صحافی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ پاکستانی قوم اللہ کے فضل سے سخت جان ہے اور گزشتہ پچاس برس سے چوہدری غلام حسین کی صحافت برداشت کر رہی ہے۔ پاکستانی قوم اپنے دستور کی روشنی میں قائم ہونے والی منتخب حکومت کی رہنمائی میں کرونا وائرس سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ چوہدری غلام حسین کا شیشہ پندار البتہ بوجوہ نازک ہے۔ بہتر ہو گا کہ انہیں قرنطینہ میں بٹھا کر فوج کے حوالے کر دیا جائے۔


