کورونا سے بھی خطرناک وائرس


دُنیا میں ایک خطرناک وائرس برسوں سے تباہی مچا رہا ہے اور روزانہ قریباً 22 ہزار لوگ اس وائرس کا شکار ہو رہے ہیں لیکن آج تک کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔

اس وائرس کی ویکسین بھی دُنیا میں وافر مقدار میں موجود ہے لیکن اس کے باوجود روزانہ ہزاروں افراد لقمہ اجل بن جاتے ہیں

اس سب کے جانتے بوجھتے بھی آج تک نہ تو پوری دُنیا کے میڈیا نے اس پہ کوئی آواز بلند کی اور نہ ہی کسی نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیم یا میرا جسم میری مرضی جیسے نعرے بلند کرنے والے لبرلز کے کان پہ کوئی جوں رینگتی نظر آئی

وجہ جانتے ہیں ایسا کیوں؟

کیونکہ یہ وائرس امیر کو متاثر نہیں کرتا بلکہ صرف غریب کو موت کے گھاٹ اتارتا ہے

جی ہاں بالکل ٹھیک سُنا آپ نے، صرف غریب

جانتے ہیں اس وائرس کا نام کیا ہے؟

اس خطرناک اور جان لیوا وائرس کا نام ہے ”بھوک“

جی ہاں، بھوک کی وجہ سے دُنیا بھر میں روزانہ ہزاروں افراد لقمہ اجل بن جاتے ہیں

نہ تو کوئی ٹی وی چینل دن رات کی نشریات کرتا ہے اور نہ ہی کبھی کوئی بریکنگ نیوز بنی ہے

نہ کبھی گھنٹوں طویل ٹاک شو ہوتے ہیں اور نہ کوئی سینئر تجزیہ نگار تبصرہ کرتا نظر آتا ہے

نہ کوئی ریلی نکالی جاتی ہے اور نہ کوئی احتجاج ہوتا ہے

آخر کیوں؟

کیا صرف اس لئے کہ بھوک سے صرف غریب مرتا ہے؟

”بھوک“ ایک ایسا وائرس ہے جس کی ویکسین بہت آسانی سے دستیاب ہے

اور اس ویکسین کا نام ہے ”خوراک“

جی ہاں، ہر ذی شعور بہت ہی آسانی سے یہ ویکسین بھوک سے تڑپتے لوگوں کو مہیا کرسکتا ہے۔ بس صرف انسانیت کا احساس جگانے کی ضرورت ہے۔ کیا ہم اتنے مردہ ضمیر ہو چکے ہیں؟

آج کورونا کی وجہ سے ہر کوئی راشن کی ذخیرہ اندوزی کرتا نظر آرہا ہے کیونکہ خدشہ ہے کہ کہیں مارکیٹوں سے راشن ختم نہ ہو جائے۔ ہم اپنے کل کے لئے تو پریشان نظر آرہے ہیں لیکن اپنے پڑوس میں بھوک سے بلکتے بچے کسی کو دکھائی کیوں نہیں دے رہے؟ ہم کیوں اتنے بے حس ہوچکے ہیں؟

ہم میں سے تقریباً ہر کوئی انفرادی طور پر کم ازکم ایک فرد کو تو یہ ویکسین مہیا کرنے کی حیثیت رکھتا ہے۔ تو کیوں نہ ہم سب مل کر انسانیت کی خاطراس خوراک نامی ویکسین کو ضرورت مند تک رسائی کی مہم شروع کریں؟

کیا اس مہم میں آپ سب اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں؟

آئیے آج مصیبت کی اس گھڑی میں ہم سب مل کرعہد کرتے ہیں کہ ہم انفرادی طورپر ”بھوک“ جیسے موذی وائرس سے مرتے ہوئے ایک مریض تک ”خوراک“ نامی ویکسین مہیا کرنے کا ذمہ لیتے ہیں

دعا ہے اللہ رب العزت اس کائنات کے ہر انسان کو آفات سے محفوظ فرمائے اور ہم سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments