کورونا کا عفریت اور حکومت پاکستان


چائنہ سے شروع ہونے والا کورونا کا عفریت ایران، اٹلی، سپین، فرانس، جرمنی اور امریکا جیسی ترقی یافتہ ممالک میں تباہی مچاتا ہوا بلآخر عرض وطن میں داخل ہو چکا ہے اور ہمارے حکمران ابھی ابھی تک میں نہ مانوں کی گردان پہ سر دھنتے نظر آ رہے ہیں

پاکستان مین تمام سیاسی جماعتوں نے اس وقت شور مچانا شروع کیا جب ایران میں کورونا کی وبا بے قابو ہونے کے بعد زیارتوں پہ گئے ہوئے زائرین کے قافلوں نے واپسی کا سفر باندھا۔ بلوچستان حکومت نے پہلی پہل تو اپنے طورپر وفاقی حکومت، ایرانی حکومت اور ایران سفارت خانے کے توسط سے ان قافلوں کو رکوانے کی کوشش کی لیکن ان کی سب کوششیں بیکار گئیں اور بلآخر بلوچستان حکومت کو تفتان بارڈر پر زائرین کے لئے قرنطینہ قائم کرنا پڑا جس کے حالات آج پورے پاکستان کے سامنے ہیں کہ وہ قرنطینہ سینٹر کی بجائے کرونا پھیلانے کا سینٹر زیادہ لگ رہا تھا

خیر یہ سب باتیں تو ہوئی تمام، اب باری تھی حکومت پاکستان کے بروقت اقدامات کرنے اور اس کورونا کے عفریت کو بے قابو ہونے سے روکنے کی، لیکن کیا کیجئے ہمارے قابل احترام وزیراعظم صاحب قوم سے خطاب میں فرماتے ہیں کہ اگر حالات اٹلی جیسے ہوتے تو الگ بات تھی، چونکہ ابھی ہمارے حالات اٹلی جیسے نہیں ہوئے ہیں لہذا انتظار فرمائیے

خیر وفاق سے مایوس ہونے کے بعد صوبائی حکومتوں نے اپنے طور پہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا اور صوبہ سندھ نے اس میں پہل کرکے عوام کے دلوں میں جگہ بنالی۔ پنجاب کی دیکھا دیکھی اب پنجاب کے وسیم اکرم پلس صاحب نے بھی جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان فرما دیا ہے

یہ بات تو رہی حفاظتی اقدامات کی حد تک، اب اس لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے دہاڑی دار طبقہ کا کیا ہوگا، اس پہ کوئی واضح لائحہ عمل فی الحال نظر نہیں آ رہا۔ میں چند گزارشات اپنی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پیش کرنے کی جسارت کرنا چاہوں گا۔

وزیراعظم عمران خان صاحب سے گزارش ہے کہ فی الوقت سیاست اور سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بلاول بھٹو، شہباز شریف سمیت ملک کی پارلیمان کی دس بڑی پارٹیوں کے سربراہان کو ساتھ بیٹھا کر، میڈیا کے ذریعے ایک اپیل نشر کریں کہ ہر پارٹی کے کارکنان اور سپورٹرز اپنے اپنے علاقے کا فوری سروے کر کے، ان گھروں میں پندرہ پندرہ دنوں کا راشن پہنچا دیں جن کے چولہے جلنا مشکل ہوگئے۔ یہ کام بغیر تصویریں کھنچوائے ہو۔ جن فلاحی تنظیموں کو حکومت سپورٹ کر رہی ہے، ان کو پابند کریں، اسوقت تعلیم اور دیگر شعبوں پر مختص فنڈ صرف لوگوں کو پندرہ سے بیس دن کا راشن پہنچانے پر خرچ کریں۔ لوگ ہوں گے تو تعلیم ہوگی، صنعت ہو گی۔

ضرورت کے تحت ہماری افواج ویسے بھی ہر برے وقت میں قوم کے لئے موجود ہوتی ہیں، اسوقت بھی ان سے مدد لی جائے۔ اور اس سب کے ساتھ ساتھ عوام الناس کے حالات اور مشکلات سے باخبر رکھنے کے لئے ایک بھرپور آگاہی مہم شروع کی جانی چاہیے

میرے خیال میں وقت ضائع کرنے کے بجائے ہر لمحہ ایکشن کا ہے۔

خان صاحب، کرونا سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیجئے۔ اس نے پہلے بیٹنگ کر لی تو اللہ معاف کرے ٹارگٹ فالو کرنا ہمارے لئے ناممکن ہو جائے گا۔

ملک بھر میں کل سترہ سو ونٹلیٹر ہیں۔ رکھے نہیں ہیں، ہسپتالوں میں استعمال ہو رہے ہیں۔ ہزار اور آ رہے ہیں۔ انہیں آپریٹ کرنے کے لئے ٹرینڈ اسٹاف کی ضرورت ہو گی۔ کل ستائیس سو وینٹیلیٹر بھی ناکافی ہیں۔ وینٹیلیٹر کی اتنی ضرورت پڑے اس صورت حال سے گریز کرنا ہے۔

ایک ایک کر کے صوبائی حکومتیں لاک ڈاون پر جا رہی ہیں۔ خدارا ان کی محنت پر پانی پھرنے سے بچائیں۔ پورے ملک میں ایک ساتھ لاک ڈاون سے ہی مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ دوسرے ممالک سے سبق لینے کی ضرورت ہے۔ اٹلی کو دیکھیں۔ آج وہ افسوس کر رہے ہیں کہ کاش پہلے لاک ڈاؤن کر لیا ہوتا۔

ملک اور قوم کے عظیم تر مفاد میں اپنی کہی ہوئی بات پر نظر ثانی کرنا بڑائی ہو گی۔ یاد رکھئے آج جو کچھ لکھا جارہا ہے، وہ تاریخ کا حصّہ بن رہا ہے۔

اے اللہ! بلاشبہ ہم نے اپنے آپ پر بہت زیادہ ظلم کر لیا ہے اور گناہوں کو تیرے سوا کوئی بخش نہیں سکتا۔ ہمیں! اپنی جناب سے مغفرت عطا کرتے ہوئے بخش دے اور ہم پر رحم فرما ’بے شک تو ہی بخشنے والا‘ نہایت مہربان ہے۔ آمین یا رب العالمین